علم نجوم کے ماہرین نے این اے 122 کے نتائج کے حوالے سے پیشن گوئی کردی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 اکتوبر 2015 21:12

علم نجوم کے ماہرین نے این اے 122 کے نتائج کے حوالے سے پیشن گوئی کردی

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار.10اکتوبر 2015 ء) علم نجوم کے ماہرین نے این اے 122 کے نتائج کے حوالے سے پیشن گوئی کردی ہے۔ تفصیلات کے مطابق این اے 122 میں کل ہونے والے ضمنی الیکشن نے اس وقت پورے ملک کی توجہ اپنی جانب مبذول کروائی ہوئی ہے۔ اس حوالے سے علم نجوم کے ماہرین بھی پیچھے نہیں رہے ہیں۔ کل ہونے والے ضمنی الیکشن کے نتائج کے حوالے سے علم نجوم کے ماہرین نے بھی اپنی پیشن گوئیاں کردی ہیں۔

اس حوالے سےمعروف ماہر علم نجوم شیخ طارق اقبال کہتے ہیں کہ اس حلقے میں اصل مقابلہ ایاز صادق اور عبدالعلیم خان کے درمیان ہو گا ۔دوپہر 2:00بجے تک کانٹے کا مقابلہ ہوگا جس کے بعد مشتری مسلم لیگ (ن) کے زائچہ میں آکر بیٹھ جائے گا جو تمام ستاروں کا بادشاہ ہے ۔اس سے مسلم لیگ (ن) کے زائچے کو تقویت ملے گی اور ایاز صادق کا پلڑا بھاری ہوجائے گا ۔

(جاری ہے)

11اکتوبر کو ستاروں کی چال مسلم لیگ (ن) کے حق میں نظر آتی ہے جس کے باعث ایاز صادق کی جیت کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے ۔ دوسری جانب ممتاز ماہر علم نجوم اور علم الاعدادقاسم چودھری کا کہنا ہے کہ ستارے مسلم لیگ (ن) کے موافق نظر آتے ہیں ۔مسلم لیگ (ن) اور ایاز صادق کے زائچوں کا مشترکہ طورپر جائزہ لیا جائے تو یہ تحریک انصاف اور عبدالعلیم خان کے زائچہ سے قوی نظر آتا ہے ۔

الیکشن کے دن کا عدد 2بنتا ہے جبکہ علم الاعداد کی روشنی میں ایاز صادق کاعدد بھی2ہے تاہم عبدالعلیم خان کا عدد 8ہے ۔الیکشن کی تاریخ اور ایاز صادق کے اعداد ایک ہی بنتے ہیں جو ان کی جیت کی طرف اشارہ کرتے ہیں ۔ جبکہ علم جفر کے ماہر مشتاق حسین کا کہنا ہے کہ اکتوبرکی 11تاریخ کا عدد 2بنتا ہے اگر اس کو سال اور مہینوں کے حساب سے دیکھا جائے تو بھی یہ عدد 2ہی بنتا ہے اور 2 کا عدد مسلم لیگ (ن)کے لئے سعد ہے ۔دن کی پانچ ساعتوں اورایاز صادق کے اعداد کو مد نظر رکھا جائے تو اس کا عدد 7بنتا ہے جو خوش قسمتی کی علامت ہے ۔ جبکہ عبدالعلیم خان اور تحریک انصاف کے ایسے راہنما جن کا عدد 3ہو سارا دن اکٹھے رہیں تو سخت مقابلہ ہوسکتا ہے۔