کراچی کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں افغانستان میں زخمی ہونے والے خطرناک دہشتگردوں کے علاج کا انکشاف،پولیس و دیگر سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں اور خطرناک ملزمان کے مختلف ہسپتالوں سے علاج بارے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا، نجی ہسپتال کا ڈاکٹر گرفتار، جرم چھپانے کا مقدمہ درج ، پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ کراچی کے نجی و سرکاری ہسپتالوں میں خطرناک دہشت گردوں کا علاج کیا جا رہا ہے جس پر پولیس نے بہادرآباد کے علاقے میں واقع زبیدہ ہسپتال پر چھاپہ مارا ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ

بدھ 7 اکتوبر 2015 00:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔6اکتوبر۔2015ء) کراچی کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں افغانستان کے شہروں قندھاراور قندوز میں زخمی ہونے والے خطرناک دہشت گردوں کے علاج کروانے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس و دیگر سیکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں اور خطرناک ملزمان کے مختلف ہسپتالوں سے علاج بارے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے، کراچی کے نجی ہسپتال کے ڈاکٹرکے خلاف جرم چھپانے کا مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔

منگل کو نجی ٹی وی کے پروگرام میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کراچی کے سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں پچھلے کچھ عرصہ کے دوران افغانستان کے شہروں قندھار اور قندوزمیں ڈرون حملوں میں جبکہ کراچی میں سیکیورٹی اہلکاروں پر حملوں میں ملوث و دیگر کارروائیوں میں زخمی ہونے والے خطرناک دہشت گردوں کے علاج کروانے کا سلسلہ جاری تھا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی سی ٹی ڈی نوید خواجہ نے کہا کہ پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کراچی کے دیگر نجی و سرکاری ہسپتالوں میں خطرناک دہشت گردوں کا علاج کیا جا رہا ہے جس کے بعد پولیس نے بہادر کے علاقے میں واقع زبیدہ ہسپتال پر چھاپہ مارا تو وہاں دو دہشت گرد زیر علاج تھے جو افغانستان کے شہروں قندھار اور قندوزمیں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں شدید زخمی ہوئے تھے اور مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتال میں زیر علاج دونوں دہشت گردوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ وہ ابھی ہسپتال میں ہی زیر علاج ہیں ان کی حالت بہتر ہونے کے بعد ان سے تفتیش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے ڈاکٹر زبیر کو گرفتار کیا گیا ہے اور ان کے خلاف جرم چھپانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایس ایس پی نے کہا کہ زیر حراست ڈاکٹر نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ زخمی دہشت گرد کراچی کے تین سے چار ہسپتالوں سے علاج کرواتے ہیں۔