بھارت اورجرمنی کے درمیان سرمایہ کاری کی رفتارتیز کرنے کے متعددمعاہدوں پر دستخط

جرمنی اور بھارت قدرتی ساتھی ہیں،ہماری ترجیحات اورمہارتیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں ،مودی کی میڈیاسے گفتگو

منگل 6 اکتوبر 2015 22:11

بھارت اورجرمنی کے درمیان سرمایہ کاری کی رفتارتیز کرنے کے متعددمعاہدوں ..

بنگلور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) جرمن چانسلر میرکل اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے توانائی کے شعبے کے علاوہ جرمنی کی بھارت میں سرمایا کاری کی رفتار تیز کرنے سے متعلق متعدد سمجھوتوں پر دستخط کر دیے ۔بھارتی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جرمن چانسلر میرکل کے ساتھ ملاقات کے بعد کہا کہ جرمنی اور بھارت قدرتی ساتھی ہیں اور مستقبل میں دونوں ممالک باہمی اور اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر بنیادوں پر استوار کرنے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

میرکل نے اپنے روزہ دورہ بھارت کے دوران بروز پیر نئی دہلی حکومت کے ساتھ نہ صرف متعدد اہم سمجھوتوں کو حتمی شکل دی بلکہ باہمی تعاون کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔بعدازاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم مودی نے کہاکہ ہم اقتصادی ترقی کے لیے جرمنی کو اپنا ایک فطری پارٹنر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ترجیحات اور جرمنی کی مہارتیں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ مودی کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کا تعاون ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کی کوششوں میں مدد دے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ بھارت ضرر رساں گیسوں کے اخراج کے حوالے سے دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔