Live Updates

شاہ محمود قریشی کے منظر نامے سے غائب ہونے پر چہ مگوئیاں ،عمران خان سے اختلاف کی افواہیں

فرسٹ کزن کے انتقال کیوجہ سے سیاسی سر گرمیاں نہیں کر سکا، سی ای سی کے اجلاس ، جلسے کے روز نماز جنازہ تھا ‘ شاہ محمود قریشی

منگل 6 اکتوبر 2015 14:01

شاہ محمود قریشی کے منظر نامے سے غائب ہونے پر چہ مگوئیاں ،عمران خان سے ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 اکتوبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے منظر نامے سے غائب ہونے پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئیں،سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس ، سمن آباد میں منعقدہ جلسے اور این اے 122کی انتخابی مہم میں بھی شرکت نہیں کی جبکہ شاہ محمود قریشی نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرسٹ کزن کے انتقال کے باعث سیاسی سر گرمیاں نہیں کر سکا ، جس روز سی ای سی کا اجلاس اور جلسہ تھا اسی روز نماز جنازہ تھا ۔

شاہ محمود قریشی جو اس سے قبل ہر تقریب میں پارٹی سربراہ عمران کے ہمراہ دکھائی دیتے تھے اور پارٹی امور میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہے تھے حالیہ دنوں میں عمران خان کی این اے 122کی انتخابی مہم میں شمولیت کے باوجود اس میں نظر نہیں آرہے ۔

(جاری ہے)

لاہور میں ہونے والے سنٹر ل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس اور سمن آباد میں منعقدہ جلسے میں بھی شاہ محمود قریشی غیر حاضر رہے جس پر نہ صرف پارٹی کے اندر بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں۔

سوشل میڈیا پر یہ افواہیں بھی سر گرم ہیں کہ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے درمیان کسی معاملے پر دوریاں پیدا ہوگئی ہیں۔ ” این این آئی“ کے رابطہ کرنے پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میری فرسٹ کزن کینسر کے مر ض میں مبتلا تھی اور گزشتہ دنوں ان کا انتقال ہو گیا جس کی وجہ سے سیاسی سر گرمیاں نہیں کر سکا ۔ جس روز سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس اور سمن آباد کا جلسہ تھا اسی روز میری کزن کا نماز جنازہ تھا میں گھر میں جنازہ چھوڑ کر کس طرح اجلاس اور جلسے میں شریک ہو سکتا تھا ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات