امریکی جنگی طیاروں کی قندوز کے بین الاقوامی اسپتال پر مسلسل آدھا گھنٹہ بمباری ، عملے کے 9 ارکان ہلاک37 زخمی

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 22:28

امریکی جنگی طیاروں کی قندوز کے بین الاقوامی اسپتال پر مسلسل آدھا گھنٹہ ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 اکتوبر۔2015ء ) امریکی جنگی طیاروں نے افغانستان کے شہر قندوز کے بین الاقوامی اسپتال پر مسلسل آدھا گھنٹہ بمباری کی، جس کے نتیجے میں عملے کے 9 ارکان ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں اداے کے مطابق ہفتہ کو قندوز میں طالبان کا قبضہ چھڑانے کے لیے امریکی طیاروں نے فضائی حملہ کیا جس کا نشانہ طالبان کی بجائے بین الاقوامی طبی ادارہ ایم ایس ایف کی عمارت بن گئی جس میں عملے کے ارکان سمیت 9 افراد ہلاک اور37 زخمی ہوگئے جب کہ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بین الاقوامی طبی ادارے کے ایک اہلکار کے مطابق انہوں نے قندوز میں حملے سے قبل امریکی اوراتحادی فوجوں کو مطلع کردیا تھا کہ یہاں ایک عالمی اسپتال بھی موجود ہے تاہم اس کے باوجود امریکی طیاروں نے نہ صرف اسپتال پر بمباری کی بلکہ 30 منٹ تک اسپتال پر بم برساتے رہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب فرانسیسی امدادی ادارے ایم ایس ایف کے جاری بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ قندوز میں ان کے ٹراما سینٹر کو نشانہ بنایا گیا، انتہائی افسوس سے بتایا جا رہا ہے کہ تنظیم کے 9 ممبر اس حملے میں ہلاک، 37 زخمی اور کئی لاپتہ ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے کے آغاز میں ہی کابل اور واشنگٹن کو بتا دیا تھا کہ اسپتال کو نشانہ نہ بنایا جائے ادھر افغان فوج کے ترجمان نے دعوی کیا ہے کہ طالبان نے اسپتال میں پناہ لے رکھی تھی اور وہاں سے امریکی اور افغان فوجوں پرحملہ کیا جارہا تھا تاہم وہ اس حملے میں امدادی کارکنان کے ہلاک ہونے پر دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔واضح رہے کہ ایم ایس ایف ٹراما سینٹر قندوز میں واحد طبی مرکز ہے جہاں انتہائی زخمی مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :