وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا کرکشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی ،پاکستانی قیادت کی جانب سے پہلی بار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ جیسے فورم پر اٹھایا گیا ہے، ہمیں موجودہ حکومت سے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، مسئلہ کشمیر و فلسطین جلد حل ہونے چاہئیں،حریت رہنماؤں سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق کا جنرل اسمبلی سے وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پررد عمل

جمعرات 1 اکتوبر 2015 00:06

وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا کرکشمیری عوام ..

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30ستمبر۔2015ء) حریت رہنماؤں نے وزیراعظم نواز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھا کرکشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی کی،پاکستانی قیادت کی جانب سے پہلی بار مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ جیسے فورم پر اٹھایا گیا ہے، ہمیں موجودہ حکومت سے مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، مسئلہ کشمیر و فلسطین جلد حل ہونے چاہئیں۔

بدھ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پررد عمل دیتے ہوئے حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے جنرل اسمبلی اجلاس میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اٹھا کر عالمی برادری پر واضح کر دیا ہے کہ خطے میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے اور کشمیری عوام کی آواز کو طاقت سے نہیں دبایا جا سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عمل کرنا ہو گا اور مقبوضہ کشمیر سے فوج کو واپس بلانا ہو گا۔ ایک سوال کے جواب میں میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ ہمیں موجودہ پاکستانی حکومت سے بہت سی امیدیں وابسطہ ہیں، پاکستان کی جانب سے پہلی بار اقوام متحدہ جیسے فورم پر مسئلہ کشمیر کو دو ٹوک الفاظ میں اٹھایا گیا ہے جسے ہم سراہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے مسائل کا فوری حل نکالا جائے۔ دوسری جانب حریت رہنماء سید علی گیلانی نے بھی وزیراعظم نواز شریف کے خطاب کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کو اب معلوم ہوجانا چاہیے کہ کشمیریوں کی آواز طاقت سے نہیں دبائی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی ترجمانی کی ہے، جس پر ہم ان کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کے حل پر توجہ دینا ہو گی۔