سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا: وزیراعظم نواز شریف

muhammad ali محمد علی بدھ 30 ستمبر 2015 22:51

سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا: ..

نیویارک(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 30ستمبر 2015 ء) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ آج سے 70 برس قبل اقوام متحدہ کا قیام عمل میں آیا تھا۔

اقوام متحدہ دنیا میں تباہ کن جنگوں کے بعد تباہ حال ملکوں اور قوموں کی بحالی کیلئے بنائی گئی تھی۔ اقوام متحدہ نے مشکلات کے باوجود دنیا کے مسائل حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقوام متحدہ کو موثر طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ سلامتی کونسل کے مستقل ارکان کی تعداد بڑھانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

پاکستان سیکورٹی کونسل میں اصلاحات اور اسے زیادہ جمہوری اور موثر بنانے کا حامی ہے۔ سلامتی کونسل کو طاقت ور ملکوں کا توسیعی کلب نہیں بننا چاہئے۔ نصف صدی میں پناہ گزینوں کی تعداد سب سے زیادہ بڑھی ہے۔ دنیا میں دہشت گردی پھیل رہی ہے۔ داعش کی شکل میں دنیا کو اب ایک نئی دہشت گردی کا سامنا ہے۔ انتہاء پسندی اور بنیاد پرستی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کیخلاف اب تک سب سے کامیاب آپریشن رہا ہے۔ ہم افغانستان میں امن اور استحکام کے حامی ہیں۔ افغانستان میں قومی حکومت کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔اپنی تقریر میں کشمیر کے مسئلے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سب سے بڑی ناکامی کشمیر کا مسئلہ حل نہ کروانا ہے۔

کشمیر بنیادی مسئلہ ہے جس کا حل لازمی ہے۔ پاکستان کشمیر عوام کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتا ہے۔پاکستان کشمیر کے مسئلے کا ایک حل پیش کررہا ہے جس کے تحت لائن آف کنٹرول پر مستقل سیز فائر کیساتھ ساتھ کشمیر سے مکمل فوجی انخلاء کیا جائے۔ کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اس حوالے سے کسی بھی قسم کے مذاکرات میں کشمیری عوام کی شمولیت ناگزیر ہے۔ پاکستان پرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتا ہے تاہم ہمارا اولین ہمسایہ بھارت پاکستان اور خطے میں امن نہیں چاہتا ہے۔ اپنی تقریر کے اختتام میں وزیراعظم نواز شریف نے اقوام عالم پر زور دیا کہ دنیا بھر میں جاری مسلمانوں کیخلاف نا انصافیوں کو ختم کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :