فلسطینی خاتون کی 70سال بعد بھائی سے مدینہ میں ملاقات

ہمیشہ اﷲ پر اعتماد کیا ،قوی امید تھی ایک روز ضرور اپنے بھائی سے مل پاؤں گی ،فلسطینی خاتون فاطمہ آل حرد

بدھ 30 ستمبر 2015 21:16

فلسطینی خاتون کی 70سال بعد بھائی سے مدینہ میں ملاقات

مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 30 ستمبر۔2015ء)ایک ضعیف العمر فلسطینی خاتون کی مدینہ منورہ میں ستر سال کے بعد اپنے بھائی اور اس کے بیوی بچوں سے ملاقات ہوئی ہے جس پر وہ بہت شاداں وفرحاں ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق فلسطینی خاتون فاطمہ آل حرد نے بتایا کہ میں ستر سال قبل اپنے بھائی سے جدا ہوگئی تھی لیکن میں نے ہمیشہ اﷲ پر اعتماد کیا اور اپنے دل میں امید کا دامن نہیں چھوڑا۔

(جاری ہے)

مجھے یہ قوی امید تھی کہ ایک روز ضرور میں اپنے بھائی سے مل پاؤں گی اور میری اس کی بیوی اور بچوں سے بھی پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی ہے،اس خاتون نے اپنے بھائی،بھابی اور بھتیجے،بھتیجیوں سے اپنی اس طرح ملاقات پر بے پایاں خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس پر اﷲ کا شکر ادا کیا ہے۔دوسرے فلسطینی حجاج کرام بھی ان دونوں بچھڑے ہوئے بہن بھائیوں کے باہم ملنے پربہت خوش تھے،فلسطینی خاتون فاطمہ آل حرد نے مزید کہا کہ ہمیں وزارت حج کی جانب سے قرآن مجید کے نسخے تحفے کے طور پر دیے گئے ہیں۔ہم اس تحفے کو فلسطین میں اپنے اقارب کو دیں گے۔ہماری دعا ہے کہ اﷲ تعالی تمام مسلمانوں کو آزادانہ طور پر حج کے لیے مکہ مکرمہ آنے کی توفیق بخشیں۔