Live Updates

تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،میں نے کوئی سٹے آرڈر نہیں لیا، انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،تحریک انصاف کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے ،عوامی عدالت میں بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، تحریک انصاف کا کام دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا ہے،این اے 122 میرا حلقہ ہے یہاں سے کوئی اور ووٹ لے جائے تو میرے لئے باعث شرمندگی ہے، سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کی نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 29 ستمبر 2015 22:55

تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،میں نے کوئی ..

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 ستمبر۔2015ء) قومی اسمبلی کے سابق سپیکر اور این اے 122کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،میں نے کوئی سٹے آرڈر نہیں لیا، انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں،تحریک انصاف کو کسی صورت بھاگنے نہیں دیں گے بلکہ عوامی عدالت میں بھرپور مقابلہ کیا جائے گا، تحریک انصاف کا کام دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا ہے،این اے 122 میرا حلقہ ہے یہاں سے کوئی اور ووٹ لے جائے تو میرے لئے باعث شرمندگی ہے۔

منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار سردار ایاز صادق نے کہاکہ عمران خان کو پاکستان کی ترقی پر اعتراض ہے، ان کو پاکستان کی ترقی پسند نہیں،2013 کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف کو یہاں سے شکست دی تھی اور اب بھی دیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو این اے 122 میں شکست کا بہت خوف ہے اس لئے وہ خود انتخابی مہم چلانے آ رہے ہیں، مگر ہمیں عمران خان کے یہاں آنے کا کوئی خوف نہیں ، ہم اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر سرخرو ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ این اے 122 میرا آبائی علاقہ ہے اور میں یہاں کا رہائشی ہوں اگر یہاں سے کوئی اور امیدوار ووٹ لے جائے تو یہ میرے لئے شرمندگی کا باعث ہے۔ ایک سوال کے جواب میں سردار ایاز صادق نے کہا کہ میں نے کبھی کسی پر کوئی الزام نہیں لگایا، میں بھرپور طریقے سے الیکشن لڑنا چاہتا ہوں اور کسی کو بھاگنے نہیں دوں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کام صرف رونا اور دوسروں کی پگڑیاں اچھالنا ہے، پی ٹی آئی والے پہلے بھی رو رہے ہیں اور شکست کے بعد بھی روتے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کامیابی کے بعد پارٹی قیادت نے جو بھی فیصلہ کیا اسے قبول کروں گا جو بھی قسمت میں ہوا وہی ملے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات