پاکستان کے ٹرک آرٹ نے جرمنی میں بھی دھوم مچادی

muhammad ali محمد علی منگل 29 ستمبر 2015 22:34

پاکستان کے ٹرک آرٹ نے جرمنی میں بھی دھوم مچادی
برلن(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 29ستمبر 2015 ء) پاکستان کے ٹرک آرٹ کی جرمنی میں بھی دھوم مچا دی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹرک آرٹ کو شاید پاکستانی ثقافتی حلقوں میں تو اتنی پذیرائی نہیں ملی جتنی بیرون ممالک میں مل رہی ہے۔ اس آرٹ کو بیرون ملک متعارف کروانے میں ’پھول پتی‘نامی تنظیم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ پھول پتی کی ٹیم اپنے فاؤنڈر اور تخلیقی شعبے کے ڈائریکٹر علی سلمان آنچن کے ہمراہ جرمنی کے مختلف شہروں میں اس آرٹ کی نمائش کر رہی ہے۔

دنیا بھر میں اور پاکستان میں پاکستانی ٹرک آرٹ کی ترویج کے لیے کام کرنے والی تنظیم ’پھول پتی‘ کی ٹیم ان دنوں جرمنی میں موجود ہے۔ اس ٹیم نے جرمنی کے دارالحکومت برلن میں تاریخی دیوار برلن کی اوپن ایسٹ سائیڈ گیلری میں اپنے فن پارے پیش کیے۔

(جاری ہے)

جس کی جرمن عوام کی جانب سے بے پناہ تعریف کی گئی۔ بہت سے جرمن نوجوانوں نے یہ آرٹ سیکھنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے جبکہ کئی مردوں اور خواتین کی جانب سے اپنی مختلف اشیاء پر نقش و نگار بنوائے گئے اور پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا گیا۔

اس موقع پر ایک جرمن لڑکی کا کہنا تھا کہ اسے پہلی مرتبہ پتہ چلا ہے کہ پاکستان کا آرٹ اس قدر خوبصورت ہے۔ اسے اب پاکستان جانے کا شوق پیدا ہوگیا ہے جبکہ پاکستانی ٹرک آرٹ کو دیکھتے ہوئے بہت سے جرمنوں کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کی سیر کرنا چاہتے ہیں۔ اس حوالے سے "پھول پتی" کے فاونڈر علی سلمان آنچن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹرک آرٹ وہ واحد شعبہ ہے، جس کا برصغیر اور دنیا میں کوئی ثانی نہیں ہے۔ان کا گروپ پاکستانی آرٹ کو یورپ کے دیگر ملکوں میں بھی لے جانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :