وزیراعظم کی بان کی مون اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اورپاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھانے کی تیاریوں سے بھارتی میڈیا کامنہ بند ، نوازشریف بھارتی وزیراعظم کے مقابلے میں عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے

پیر 28 ستمبر 2015 20:25

وزیراعظم کی بان کی مون اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں بھرپور انداز ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کے ساتھ ملاقات میں بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھانے اور عالمی رہنماؤں سے ملاقات میں پاکستان میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھانے کی تیاریوں کے بعد بھارتی میڈیاپریشان ہو گیا، مسئلہ کشمیر بھرپور انداز میں اٹھا کر وزیراعظم نے بھارتی میڈیا کے منہ بند کر دیئے جبکہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے مقابلے میں وزیراعظم نواز شریف عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بھی بن گئے ہیں۔

سفارتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون سے جس بھرپور انداز میں مسئلہ کشمیر اٹھایا اور اس بات پر زور دیا ہے کہ اقوام متحدہ اس مسئلے کو حل کرائے ، جس کے بعد بھارتی میڈیا کے منہ بند ہو گئے ہیں اور عالمی میڈیا کی توجہ وزیراعظم نواز شریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں پر مرکوز ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے سری لنکا، نیپال ، جرمنی، سویڈن، سینیگال سمیت دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کی ہیں اور ان ملاقاتوں میں پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابیوں کا خصوصی تذکرہ کیا ہے اور عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی حکومت اور مسلح افواج کی طرف سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کو سراہا ہے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا یقین دلایا ہے، سفارتی حلقوں کے مطابق اس بات کا بھی امکان ہے کہ وزیراعظم نے جہاں مسئلہ کشمیر ایک مرتبہ پھر بھرپور انداز میں اٹھائیں گے وہیں پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی مداخلت کا معاملہ اٹھانے کیلئے کئی تجاویز زیر غور ہیں اور اس حوالے سے پاکستانی دفتر خارجہ نے کافی ہوم ورک مکمل کرلیا ہے اور پاکستانی وفد کسی ایسے موقع کی تلاش میں ہے جہاں عالمی رہنماؤں کے سامنے بھارتی مداخلت کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

30ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے وزیراعظم جو اپنا اہم اجلاس سے خطاب کریں گے اس کا پہلا نقطہ ہی مسئلہ کشمیر ہو گا اور وزیراعظم اقوام متحدہ کی قرار دادوں کا حوالہ دے کر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دیں گے، اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا بھی حوالہ دیا جائے گا، وزیراعظم کی امریکی اور چینی صدور سے بھی اہم ملاقاتیں ہوں گی۔