بھارتی رویئے سے خطے اور عالمی امن کیلئے خطرات پیدا ہورہے ہیں،پاکستان صبر و تحمل کا مظاہرہ کررہا ہے، دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے اور افغان مفاہمتی عمل میں اپنا کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہے،مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدیقینی بنایا جائے، اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کرے،وزیراعظم نوازشریف کی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون سے گفتگو،وزیراعظم نے بان کی مون کو بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بھی آگاہ کیا ،پاک بھارت کشیدگی پر تشویش، دونوں ممالک مذاکرات سے معاملات حل کریں، اقوام متحدہ کردار ادا کرنے کو تیار ہے ، امن مشنز میں پاکستان بہترین کردار ادا کررہا ہے اور اس کی معیشت میں بہتری قابل ستائش ہے، بان کی مون

اتوار 27 ستمبر 2015 22:56

بھارتی رویئے سے خطے اور عالمی امن کیلئے خطرات پیدا ہورہے ہیں،پاکستان ..

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26ستمبر۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہاکہ بھارتی رویئے سے خطے اور عالمی امن کے لئے خطرات پیدا ہورہے ہیں، دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے جبکہ افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہے جبکہ اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کو باہمی اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے، بان کی مون نے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔

اتوار کووزیراعظم نواز شریف سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری بان کی مون نے ملاقات کی جس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، مشیر خارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب ملیحہ لودھی بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھارت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی سے متعلق بھی آگاہ کیا جبکہ بھارت کے جارحانہ طرز عمل پر اقوم متحدہ میں اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرایا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے اور پاکستان افغانستان کے ساتھ مضبوط تعلقات چاہتا ہے جبکہ افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان اپنا کردار ادا کرنے کو بھی تیار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکرٹری جنرل اور اقوام متحدہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

اس موقع پر بانکی مون نے پاک بھارت کشیدگی پر تشویش کا اظہار بھی کیا اور کہا کہ دونوں ممالک معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں جبکہ اقوام متحدہ بھی اس معاملے میں اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے امن مشنز میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان قابل تحسین اقدامات کر رہا ہے۔