ٹیکس چوری کا الزام ، سٹار فٹبالر نیمار کے تمام اثاثے منجمد

ہفتہ 26 ستمبر 2015 21:13

ٹیکس چوری کا الزام ، سٹار فٹبالر نیمار کے تمام اثاثے منجمد

ساؤ پاؤلو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار26ستمبر ۔2015ء ) ٹیکس چوری کے الزام میں عالمی شہرت یافتہ اوربرازیل کے اسٹار فٹ بالر نیمار کے تمام اثاثے منجمند کردیئے گئے ہیں جس نے ان کے کاروبار کو شدید متاثر کیا ہے ۔ عالمی میڈیا کے مطابق بارسلونا کے فارورڈ 23 سالہ نیمار پر ٹیکس چوری کے الزام میں ان کے اثاثے جن کی کل مالیت 4 کروڑ 76 لاکھ ڈالر ہے منجمد کردیئے گئے ہیں اور انہیں ہر قسم کی مالی ٹرانزیکشن سے روک دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیمار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2011 سے 2013 کے درمیان ایک کروڑ 60 لاکھ ڈالرمالیت کی ٹیکس چوری کی اور یہ چوری اس وقت کی گئی جب وہ سینٹوز کلب چھوڑ کر بارسلونا کلب جوائن کر رہے تھے ۔ برازیل کے شہر ساؤپاؤلو کی عدالت کا کہنا ہے کہ سیکورٹی نقطہ نظر سے نیمار کے اثاثے منجمند کئے گئے تاکہ وہ انہیں کیس کے دوران نہ بیچ سکیں تاکہ ان سے ٹیکس چوری اور جرمانے کی رقم وصول کی جاسکے۔

(جاری ہے)

جج کا کہنا تھا کہ نیمار بیرون ملک سے حاصل ہونے والی انکم کا ریکارڈ پیش نہ کر سکے۔ عدالت نیمار اور ان کے والد کے کئی اثاثوں کی چھان بین کر رہا ہے جن کی مالیت 2013 کے اختتام پر 5 کروڑ 70 لاکھ تھی ۔ دوسری جانب نیمار کے والدین کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ان کے بیٹے نے ٹیکس چوری نہیں کی اور نہ ہی وہ اس بزنس کا حصہ ہے جس کا ذکر عدالت نے اپنے فیصلے میں کیا ہے ۔ واضح رہے کہ نیمار دنیا کے چند بہترین فٹبالر میں سے ایک ہیں اور ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ایک ہفتے میں 2 لاکھ 75 ہزار یورو کما لیتے ہیں ۔