`کوہاٹ شہر اور چھاؤنی کے اطراف میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر 21غیر ملکیوں کو گرفتار`

منگل 22 ستمبر 2015 20:36

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) کوہاٹ شہر اور چھاؤنی کے اطراف میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر 21غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔پڑوسی ملک افغانستان سے تعلق رکھنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو سفری و شناختی دستاویزات کے بغیرپاکستان میں داخل ہونے پر حراست میں لیا گیا۔گرفتار افراد کے خلاف ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ضلع کوہاٹ میں عید الاضحی کی آمد کے موقع پر حفاظتی اقدامات مزید سخت کردئیے گئے ہیں اور داخلی و خارجی راستوں پر قائم سیکیورٹی چیک پوسٹوں پر نگرانی کا عمل مربوط و مئوثر بناتے ہوئے شہر میں داخل ہونے والے تمام افراد کو مکمل چھان بین کے بعد اندر داخل ہونے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم سیکیورٹی انتظامات اور مانیٹرنگ کے اسی تسلسل میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے چیکنگ کے دوران21مشکوک افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق غیر ملکی باشندوں کو غیرقانونی طریقے سے سرحد پار کرکے پاکستان میں داخل ہونے کی پاداش میں گرفتار کیا گیا ہے جن کے خلاف تھانہ چھاؤنی ،جنگل خیل اور تھانہ گمبٹ میں ایمیگریشن قوانین کے دفعہ 14فارن ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے سنٹرل جیل کوہاٹ بھیج دیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے بقول حراست میں لئے گئے غیر ملکی باشندوں کا تعلق افغانستان کے مختلف صوبوں سے ہے جوافغان مہاجرین کیلئے بنائے گئے ملکی و بین الاقوامی قوانین کے منافی پاکستانی سرزمین میں داخل ہوکر قانونی دستاویزات کے بغیر رہائش پزیر تھے۔

گرفتار ہونے والے ان روپوش تارکین وطن میں میاں نور،خیر اللہ، عالم گل،سید آغا،عطاء گل،شریف اللہ،ممتاز،عبدالقادر،ولی خان،نوید اللہ،صادام،عبدالرحمان،احمد اللہ،محمد نور،ذاکر اللہ،زیارت گل،عثمان،ریاض گل،فہیم ،یار محمداور واحدشامل ہیں