` عوام کے مسائل و مشکلات کا حل اور ان کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا منشورہے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے ہماری تگ و دو جاری رہے گی،سکندر شیرپاؤ`

منگل 22 ستمبر 2015 20:36

پشاور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندرحیات خان شیرپاؤنے کہا ہے کہ عوام کے مسائل و مشکلات کا حل اور ان کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہمارا منشورہے اور ان مقاصد کے حصول کیلئے ہماری تگ و دو جاری رہے گی۔صدر گڑھی یونین کونسل کتوزئی میں پرائمری سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم ترقی پسندانہ سوچ رکھتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ پختون ہر میدان میں ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔

انھوں نے کہا کہ ہماری سیاست کا محور پختونوں کو ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں برابر کھڑا کرکے انھیں تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کی سماجی و اقتصادی ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اوراس ضمن میں قومی وطن پارٹی کی کارکردگی کسی ڈھکی چھپی نہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے خیبر پختونخوا میں بجلی بحران پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروبار زندگی معطل ہوکررہ گیا ہے اور صوبہ میں صنعتی ترقی کا پہیہ رک گیا ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ صوبہ میں لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کرکے یہاں کے عوام کو بھر پور ریلیف دیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ آنے والا دور قومی وطن پارٹی کا ہے کیونکہ ہمارے قول و فعل میں تضاد نہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ صوبہ کے عوام کا معیارزندگی بلند ہو اور صوبہ امن،ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن ہوسکے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی ضلع چارسدہ کے جنرل سیکرٹری ظفر علی خان،محمد جان گیگیانی،مفتی افتخاراور شمشاد خان بھی موجود تھے