بلدیہ شرقی،آلائشوں کو مدفون کرنے کیلئے ٹرینچز کی کھدائی ، ٹرانسپورٹ ، مشینری ، لیبر اور بینرز کی تیاری مکمل

منگل 22 ستمبر 2015 20:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 ستمبر۔2015ء) بلدیہ شرقی میں آلائشیں اٹھا کربروقت مدفون کرنے کیلئے جمشید زون میں 3اور گلشن اقبال زون میں 2 خندقیں تیار کر لی گئی ہیں جبکہ آلائشیں اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کیلئے سوزوکیاں، مشینری اور لیبر کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ، اس سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے میونسپل کمشنر نادر خان کے ہمراہ عیدالاضحی انتظامات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے مزید ہدایات جاری کیں ۔

اس موقع پر تمام متعلقہ افسران موجود تھے ۔اجلا س میں قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اٹھا کر محفوظ طریقے سے مدفون کرنے اور علاقائی سطح پر صاف ستھرا اور صحت مند ماحول کے قیام کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کو تفصیلی بریفنگدی جس پر ایڈمنسٹریٹر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر فرائض کی انجام دہی میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جائے ، عید کے دن صبح 7.30 بجے آلائشیں اٹھانے کیلئے گاڑیاں متعلقہ جگہ پرتیار رہیں میں خود تمام پوائنٹس کا دورہ کرکے انتظامات کا معائنہ کرونگا انہوں نے کہا کہ اگر گاڑیاں وقت پر موجود نہیں ہوئیں تومتعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کے خلاف کاروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ایمرجنسی شکایات کے ازالے کیلئے 10 اضافی سوزوکیاں کلیکشن پوائنٹ پر موجودہونگی جو کہ کسی بھی شکایات پر فوری روانہ ہوکر آلائشوں کو برقت ٹھکانے لگانے کا کام انجام دیں گی ، اس کے علاوہ رات میں عوامی شکایات کے ازالے کیلئے بھی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ شکایتی مراکز مکمل فعال ہیں، یوسی کے سیکریٹریز اور بلدیہ شرقی کے متعلقہ آفیسر آپس میں مکمل کو آرڈینیشن کے ساتھ امور سر انجام دیں گے ۔

عوام اپنی شکایات کیلئے بلدیہ شرقی کے مرکزی دفتر کے شکایتی رابطہ نمبر 9230355-9 9 پر رابطہ کرکے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں جہاں ان کی شکایات کا فوی ازالہ یقینی بنایا جائیگا ۔ ایڈمنسٹریٹر رحمت اﷲ شیخ نے اس موقع پر کہا کہ صاف ستھرے صحت مند ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے افسران و ملازمین کی باہمی ٹیم ورک اور عوام کے تعاون کے ذریعے عیدالاضحی پر بلدیہ شرقی میں مثالی ماحول کا قیام یقینی بنایا جائیگا انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پر آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور صحت مند ماحول کے قیام کیلئے بلدیہ شرقی کے عملے کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور رابطہ نمبر پر فوراً اطلاع دیں ۔