اوگراجلد ایل این جی کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گا، ایل این جی کی نئی قیمتیں موجودہ قیمتوں سے کم ہوں گی، ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کو نااہلی کی وجہ سے ہٹایا گیا، اس کا ایل این جی سے کوئی تعلق نہیں،سوئی ناردرن کی ذمہ داری دو صوبوں کو گیس کی فراہمی ہے، موجودہ حکومت کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کرے گی،(ن)لیگ کی حکومت نے ملک کی سمت کا تعین کر دیاہے،وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

پیر 21 ستمبر 2015 23:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اوگراجلد ایل این جی کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گا، ایل این جی کی نئی قیمتیں موجودہ قیمتوں سے کم ہوں گی، ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کو نااہلی کی وجہ سے ہٹایا گیا، اس کا ایل این جی سے کوئی تعلق نہیں،سوئی ناردرن کی ذمہ داری دو صوبوں کو گیس کی فراہمی ہے، موجودہ حکومت کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کرے گی،(ن)لیگ کی حکومت نے ملک کی سمت کا تعین کر دیاہے۔

پیر کو نجی ٹی وی کو دےئے گئے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ موجودہ حکومت فرنس آئل نہیں لا رہی،سوئی ناردرن کی ذمہ داری دو صوبوں کو گیس کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوئی ناردرن کے ایم ڈی کو واضح طور پر کہہ دیا گیا تھا کہ وہ اپنی کارکردگی دیکھائیں، کارکردگی نہ دیکھانے پر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ماضی میں ایل این جی لانے کیلئے تین حکومتوں نے دس تک کوششیں کیں لیکن وہ اس میں ناکام ہوئے، لیکن موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے کوششیں بروئے کار لائیں اور ایل این جی ٹرمینل ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا، ماضی میں بھی ٹرمینل کو مکمل کرنے کی کوششیں کی گئیں لیکن کسی کو کامیابی نہیں ملی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ سیف الرحمان کا ایل این جی سے کوئی تعلق نہیں،موجودہ حکومت میں قواعد و ضوابط کی کوئی غلطی نہیں ہو گی اور نہ ہی کسی بھی کرپشن کو برداشت کیا جائے گا،(ن)لیگ کی حکومت نے ملک کی سمت کا تعین کر دیاہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل این جی بجلی کی قیمتوں کو کم کرنے کیلئے استعمال ہوئی،اب تک 25ارب روپے کی ایل این جی ملک میں لائی جا چکی ہے، موجودہ حکومت کا فرنس آئل ملک میں لانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اوگرابہت جلد ایل این جی کی نئی قیمتوں کا تعین کرے گا، ایل این جی کی نئی قیمتیں موجودہ قیمتوں سے کم ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اوگرا پچھلے کچھ عرصے سے سپریم کورٹ کے فیصلوں میں الجھا ہوا تھا جبکہ ڈیڑھ سال سے اس کا کورم بھی مکمل نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھارت کے مقابلے میں بہت کم ہیں، بھارت میں پٹرول 100روپے فی لیٹر ہے۔