کراچی، مویشی منڈی انتظامیہ نے مصنوعی دانت لگے قربانی کے جانور فروخت کرنیوالے بیوپاریوں کو پکڑ لیا

بدھ 16 ستمبر 2015 22:41

کراچی، مویشی منڈی انتظامیہ نے مصنوعی دانت لگے قربانی کے جانور فروخت ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 16 ستمبر۔2015ء) سپر ہائی وے کراچی میں قائم ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی انتظامیہ نے دس افراد پر مشتمل ایسا گروہ پکڑا ہے جو مصنوعی دانت لگے قربانی کے جانور عوام کو فروخت کررہا تھا۔ مویشی منڈی انتظامیہ نے سختی سے بیوپاریوں کو اس بات کا پابند بنایا ہے کہ ایسا کوئی بھی جانور منڈی میں نہ فروخت کیا جائے جس کی قربانی جائز نہ ہو۔

منڈی انتظامیہ نے دس لوگوں کے گروہ کو عوام کو دھوکہ دہی سے مصنوعی دانت لگے جانور فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا اور ان کے پاس موجود تقریباً 35 ایسے مویشیوں کو قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ منڈی انتظامیہ نے اس کے علاوہ دو ایسے افراد کو بھی پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا جن کے پاس ہزار روپے والے جعلی کرنسی نوٹ موجود تھے اور یہ افراد بیوپاریوں کو دھوکہ دے کر جعلی نوٹوں کے ذریعے مویشی خرید رہے تھے۔

(جاری ہے)

مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر رانا عمران نے کہا کہ وہ ہر ممکن کوششیں کررہے ہیں کہ مویشی منڈی میں ایسے عناصر پر نظر رکھی جائے اور جعل سازی کی نگرانی کے لیے ہر بلاک میں چیکنگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے منڈی میں آنے والی عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ خریداری سے پہلے قربانی کے جانور کا مکمل جائزہ لیں اور اطمینان کرلیں کہ مصنوعی سینگ، دانت یا ایسا کوئی نقص موجود نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی دانتوں یا ایسے اعضاء کو عام طور پر گلو یا چپکنے والی اشیا سے جوڑا جاتا ہے تاہم غور سے دیکھنے پر نقص واضح نظر آجاتا ہے کیونکہ جانور کا مسوڑھانیلا پڑ جاتا ہے اور اندازہ ہوجاتا ہے کہ مصنوعی دانت جبڑے سے جوڑے گئے ہیں۔ اسی طرح انہوں نے بیوپاریوں اور خریدوروں سے بھی کہا کہ وہ لین دین کرتے ہوئے دھیان رکھیں کوئی بھی شخص جعلی نوٹ سے ادائیگی نہ کررہا ہو۔ انہوں نے عوام اور بیوپاریوں سے اپیل کی کہ وہ منڈی میں ایسی کسی بھی صورت میں منڈی انتظامیہ کو فوری آگاہ کریں تاکہ جعل سازی کرنے والے افراد کو پکڑ کر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :