ملا محمد عمر کے بیٹے ملا یعقوب اور بھائی ملا عبدالمنان اخوند نے نئے طالبان سربراہ ملا اختر منصور کی بیعت کا اعلان کردیا

منگل 15 ستمبر 2015 22:55

ملا محمد عمر کے بیٹے ملا یعقوب اور بھائی ملا عبدالمنان اخوند نے نئے ..

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) افغان طالبان کے بانی ملا محمد عمر کے بیٹے ملا یعقوب اور ملا عمر کے بھائی ملا عبدالمنان اخوند نے طالبان کے نئے سربراہ ملا اختر منصور کی بیعت کا اعلان کردیا ہے۔ منگل کو طالبان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملا یعقوب اور ملا منان نے ایک اجتماع میں طالبان کے نئے امیر کیساتھ بیعت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے فیصلوں کو ماننے کا اعلان کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ طالبان کے نئے سربراہ کے انتخاب کے بعد ملا عمر کے خاندان اور کئی دیگر رہنماؤں نے ملا اختر منصور کی مخالفت کی تھی ان کا دعویٰ تھا کہ ملا اختر منصور کو طالبان کی رہبری شوریٰ اور علماء نے منتخب نہیں کیا تھا تاہم طالبان کا اصرار تھا کہ شوریٰ کے 95 ویں فیصد ممبران اور علماء نے ملا اختر منصور کو نیا امیر منتخب کیا تھا۔

(جاری ہے)

طالبان کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ملا عمر کے بیٹے اور بھائی نے کہا کہ ملا عمر نے اپنی زندگی میں ملا اختر منصور کو اہم ذمہ داری سونپی تھی اور ان کے انتخاب کے بعد ان پر ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی تھیں انہوں نے کہا کہ پہلے ان کی بیعت نہ کرنے کی وجہ ملا اختر منصور کے انتخاب پر اختلاف نہیں تھا بلکہ وہ فیصلہ حکمت عملی پر مبنی تھا ۔ملا عمر کے بیٹے اور بھائی نے تمام طالبان پر زور دیا کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد کا مظاہرہ کر کے ملا اختر منصور کیساتھ بیعت کا اعلان کریں۔

متعلقہ عنوان :