افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں،صدر ممنو ن حسین

پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہش مند ہے،صدر مملکت حکومت پاکستان ملک کی دفاعی ضروریات کے تناظر میں پاک بحریہ کی ترقی اور استحکام کے لیے یکسو ہے،پاکستان بحریہ کی خصوصی تقریب سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 18:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہش مند ہے۔ انھوں نے واضح کیا کہ افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے پیر کویوم دفاع پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر پاکستان نیوی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاک بحریہ کے افسر اور جوان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مکمل عبور رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دفاعِ وطن کی بھاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے، بحری قزاقوں کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام میں مدد دینے کے علاوہ سمندری تجارت کے تحفظ کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کی دفاعی ضروریات کے تناظر میں پاک بحریہ کی ترقی اور استحکام کے لیے یکسو ہے اور وہ دستیاب وسائل کے اندر رہتے ہوئے اس کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے جو پاکستان سمیت پورے خطے کی اقتصادی سرگرمیوں میں نئی زندگی پیدا کردے گی۔

اس ضمن میں گوادر بندرگاہ کی اہمیت اور پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ انھوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاکستان نیوی اپنی یہ ذمہ داریاں بطریقِ احسن ادا کرے گی۔صدر مملکت نے کہا کہ تقریب میں بحری آلاتِ حرب کی نمائش اور دہشت گردی کے خلاف کمانڈوز کی پیشہ ورانہ مہارت کا عملی مظاہرہ پاک بحریہ کی بھرپور جنگی تیاریوں کا عکاس اور قوم کے لیے باعثِ تقویت ہے۔ انھوں نے شاندار کارکردگی پر پاک بحریہ کے سربراہ ، افسروں اور جوانوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔