پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے پنجاب ،سندھ اور خیبر پختوانخواہ کی قیادت تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا‘نجی ٹی وی،ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ،بلاول بھٹو نے پنجاب کی قیادت کو سر گرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے،خیبر پختوانخواہ میں تبدیلی متوقع ہے ‘ عابد صدیقی

اتوار 13 ستمبر 2015 23:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13ستمبر۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے تین صوبو ں کی قیادت تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ،بلدیاتی انتخابات سے قبل قیادت کی تبدیلی کا مرحلہ مکمل کرلیا جائے گا ۔نجی ٹی وی نے پارٹی ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے پنجاب ، سندھ اور خیبر پختوانخواہ کی صوبائی قیادت کو تبدیل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔

پیپلزپارٹی وسطی اور جنوبی پنجاب کے دونوں صدور بھی فارغ کر دئیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

مزید کہا گیا ہے کہ تینوں صوبوں کے ضلعی عہدیداروں کو بھی فارغ کر دیا جائے گا ۔اس سلسلہ میں جب پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات عابد صدیقی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ قیادت کی طرف سے قطعاً ایسی کوئی منظوری نہیں دی گئی ۔ پنجاب اور سندھ میں تو قیادت کی تبدیلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا البتہ خیبر پختوانخواہ میں تبدیلی متوقع ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے اپنے دوورہ لاہور کے دوران پنجاب کی قیادت کو کام جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے سر گرمیاں تیز کرنے کی ہدایات دی ہیں۔