سانحہ حرم شریف کے بعد عالم اسلام سوگوار ہو گیا،صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف،ترک صدرووزیراعظم سمیت دنیا بھر کے تمام مسلم ممالک کے سربراہان کا اظہار افسوس،جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی دکھ و افسوس کا اظہار

ہفتہ 12 ستمبر 2015 00:01

اسلام آباد/ مکہ مکرمہ/ استنبول/دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11ستمبر۔2015ء) سانحہ حرم شریف کے بعد عالم اسلام سوگوار ہو گیا،،صدر مملکت ممنون حسین،وزیراعظم نواز شریف، ترکی کے صدر طیب اردگان،ترک وزیراعظم احمد داؤد اوگلو،قطر کے امیر، متحدہ عرب امارات کے امیر،عراق، شام، لبنان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے وزرائے اعظم نے حرم شریف میں صفاء اور مروا کے درمیان پیش آنے والا کرین حادثہ پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے اپنے الگ الگ پیغامات میں مکہ مکرمہ میں کرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین اور سعودی حکومت و عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف،وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف علی زرداری، جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی سمیت دیگر اعلیٰ سیاسی و مذہبی قیادت نے سانحہ حرم شریف پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحہ سے مسلمانوں کے دل افسردہ ہوگئے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ پر عالم اسلام میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے انہوں نے خادم حرمین شریفین سے بھی اس واقعہ پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے شہدا ء کے خاندانوں سے بھی افسوس کا اظہار کیا اور ان کے صبر کی دعا کی ۔