Live Updates

جماعت اسلامی کے خاتمے کی باتیں کرنے والے منہ چھپاتے پھررہے ہیں، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان کا انتخابی اجلاس سے خطاب

جمعرات 10 ستمبر 2015 20:12

دیربالا (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ دیر جماعت اسلامی کا گڑھ ہے، سیاسی جماعتیں اپنا وقت اور سرمایہ ضائع نہ کریں،ملاکنڈ ڈویژن سے جماعت اسلامی کے خاتمے کی باتیں کرنے والے آج منہ چھپائے پھررہے ہیں، جماعت اسلامی کے امیدواروں نے انہیں 2013ء میں بھی شکست دی تھی اور ضمنی انتخاب میں بھی جماعت اسلامی ہی کامیابی حاصل کرے گی،صوبے کی حکومت کے قیام کے وقت پاکستان تحریک انصاف سے چودہ نکات پر اتفاق ہواتھا، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمے کا عزم کر رکھا ہے،یکساں نظام تعلیم اور میرٹ کی بالادستی اتحادی حکومت کے منشور کا حصہ ہے،بلدیاتی نظام میں میرٹ کی بنیاد پر ہزاروں افراد کو بھرتی کیا جائے گا، پی کے 93کی نشست پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے،عمران خان کا اعلان خوش آئند ہے، ہم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہیں،پی کے 93 سے انشاء اﷲ جماعت اسلامی ، تحریک انصاف اور قومی وطن پارٹی کے مشترکہ امیدوار ملک اعظم خان کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔

(جاری ہے)

وہ جمعرات کو دیر بالا کی تحصیل خال اور بعد ازاں خاگرام اور واڑی میں ملک اعظم خان کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر فضل محمد خان، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے نائب امیر مولانا اسعد اﷲ ، جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب، ممبران صوبائی اسمبلی سید گل، محمد علی، پی کے 95دیر پائین سے جماعت اسلامی کے نومنتخب ایم پی اے اعزاز الملک افکاری، پی کے 93دیر بالا سے امیدوار صوبائی اسمبلی ملک اعظم خان، قومی وطن پارٹی ملاکنڈ ڈویژن کے صدر ڈاکٹر فاروق سمیت جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ دیر ہمیشہ سے جماعت اسلامی کا گڑھ رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے دیر میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کئے۔ پچھلے دور حکومت میں یہاں سے کامیاب ہونے والوں نے دیر میں ترقیاتی کام کرنے کی بجائے اپنی تجوریاں بھریں ہیں۔ جماعت اسلامی نے دیر میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا دیا ہے جبکہ دیگر جماعتوں کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے صرف تختیاں لگائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صوبائی حکومت میں پی ٹی آئی کی اتحادی ہے اور دونوں کا اس بات پر اتفاق ہے کہ صوبے سے کرپشن اور بدعنوانی کا خاتمہ کریں گے۔ نظام تعلیم مساوی ہوگا جبکہ نوکریوں اور دیگر امور میں میرٹ اور قابلیت کو ترجیح دی جائے گی۔ہم صوبے میں کرپشن سے پاک نظام کے لئے کوشاں ہیں۔ صوبے اور ملک میں عدل و انصاف کے نظام کے نفاذکی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے کرپشن کی ہے ان کے گھروں سے سونے کی اینٹیں ، چاندی اور پیسے برآمد ہورہے ہیں۔ ان لوگوں کا مقدر جیل ہے۔ جماعت کے وزراء، ممبران اسمبلی و سینیٹ کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے۔ 15ستمبر کو پی کے 93سے جماعت اسلامی کے امیدوار ملک اعظم خان بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ جلسوں سے تحریک انصاف کے صوبائی صدر فضل محمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کا پیغام لے کر آیا ہوں ۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ ہم جماعت اسلامی کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے قوم کو ہمیشہ سبز باغ دکھائے ہیں لیکن عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کوئی کام نہیں کیا۔ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف ان کرپٹ حکمرانوں کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ پی کے 93دیر بالا میں جماعت اسلامی کے امیدوار ملک اعظم خان کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کریں۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات