نیب سندھ کا محکمہ اطلاعات کے دفتر پر چھاپہ، ریکارڈ طلب کرلیا

منگل 8 ستمبر 2015 22:52

نیب سندھ کا محکمہ اطلاعات کے دفتر پر چھاپہ، ریکارڈ طلب کرلیا

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 ستمبر۔2015ء) قومی احتساب بیورو(نیب)سندھ نے محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے دفتر پر چھاپہ ماراہے۔ذرائع کے مطابق سابق سیکرٹری اطلاعات ذوالفقار شہلوانی اور ڈائریکٹر منصور راجپوت کے خلاف ثبوت اور دستاویزات حاصل کیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیب ذوالفقار شاہ نے منگل کو سندھ سیکرٹریٹ میں واقع محکمہ اطلاعات کے دفتر پہنچ گئے اورمتعلقہ افسران سے ریکارڈ طلب کیا۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کے مطابق محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کی تین مختلف انکوائریاں نیب کے پاس ہیں، جس میں ٹی وی چینلز، اخبارات اور دیگر نشریاتی اداروں کے بجٹ میں غبن کیا گیا ہے اور یہ پیسے مارکیٹنگ کمپنی کے ذریعے اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کیے گئے ۔نیب ذرائع کے مطابق انوائرمنٹ کے حوالے سے ایک کمپیئن کے لئے 174 ملین روپے مختص کیے گئے یہ اشتہارات ٹی وی چینلز اور اخبارات کو نہیں دیے گئے ، ایک مارکیٹنگ کمپنی کے ذریعے یہ رقم ہڑپ کرلی گئی۔ ایسی مختلف تین کمپلین نیب کے پاس ہیں جن کی تحقیقات کی جارہی ہے اور اس وقت کے سیکریٹری ذوالفقار شہلوانی سمیت دیگر افسران کے خلاف تحقیقات آخری مراحل میں ہیں اور جلد گرفتاری متوقع ہے ۔

متعلقہ عنوان :