اعتزاز احسن میٹروبس منصوبے میں کرپشن ثابت کر کے دکھائیں ،زعیم قادری کا چیلنج

شریف برادران پر مقدمات پرویز مشرف دور میں سیاسی طورپر بنائے گئے تھے، اصغر خان کیس کا سامناکریں گے‘اعتزاز احسن کے بیان پر تبصرہ

پیر 7 ستمبر 2015 22:11

اعتزاز احسن میٹروبس منصوبے میں کرپشن ثابت کر کے دکھائیں ،زعیم قادری ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 ستمبر۔2015ء ) ترجمان پنجاب حکومت سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ شریف برادران پر مقدمات پرویز مشرف دور میں سیاسی طورپر بنائے گئے تھے اورپرویز مشرف کی پوری کوشش کے باوجود شریف برادران پرکوئی الزام ثابت نہیں ہوسکا۔ اعتزاز احسن کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے زعیم حسین قادری نے کہا کہ اصغر خان کیس کا پہلے بھی سامنا کیا تھا، اب بھی کریں گے۔

عوام سیاسی بنیادوں پر بنائے جانے والے ان مقدمات کی اصلیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔

(جاری ہے)

زعیم حسین قادری نے اعتزاز احسن کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ میٹروبس منصوبے میں کرپشن ثابت کر کے دکھائیں ۔ میٹروبس سے روزانہ پونے دو لاکھ لوگوں کا سفر کرنا اس کی افادیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں میں ایک ایک پائی آئین و قانون کے مطابق خرچ کی گئی ہے اور ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پنجاب کے تمام منصوبوں کی جانچ پڑتال کے بعد انہیں مفاد عامہ کے لیے بہترین قرار دیا ہے۔

زعیم حسین قادری نے کہا کہ شریف برادران کی اصولوں پر مبنی سیاست کی گواہی عوام نے انتخابات میں ان پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کر کے دی ہے۔مخالفین میٹروبس اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں پر تنقید سے اپنی عوام دشمنی ثابت کررہے ہیں۔