بھارت نے پاکستان کے خلاف امریکہ اور متحدہ عرب امارات کو اپنے ساتھ ملالیا ہے ٗوزیر داخلہ راج ناتھ کادعویٰ

یو اے ای نے بھی پاکستان سے بھارتی سر زمین پر دہشتگردوں کو بھیجنابند کر نے کا مطالبہ کیا ہے ٗ سیمینار سے خطاب

اتوار 6 ستمبر 2015 12:38

بھارت نے پاکستان کے خلاف امریکہ اور متحدہ عرب امارات کو اپنے ساتھ ملالیا ..

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 ستمبر۔2015ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف امریکہ اور متحدہ عرب امارات کو اپنے ساتھ ملالیا ہے اور وہ بھی اب پاکستان سے مطالبہ کررہے ہیں کہ وہ بھارتی سر زمین پر دہشتگردوں کو بھیجنا بند کر دیں ۔اندرونی سلامتی اور ترقی کے موضوع پر ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ نے کہاکہ ہمارے لئے داعش کوئی بڑا چیلنج نہیں ہم اس سے درپیش خطرے سے نمٹنا جانتے ہیں تاہم پاکستان سے دہشتگردوں کی آمد پر ہمیں تشویش ہے ۔

چند سال قبل اجمل قصاب پکڑا گیا تھا اور اب مزید دو دہشتگرد پکڑے گئے ہیں جو پاکستان سے آئے تھے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہمیشہ کہتا رہا ہے کہ دہشتگردی کی جڑیں اس کے ہاں نہیں بلکہ کہیں اور ہیں لیکن اب یہ بات واضح ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات نہیں چاہتا اس لئے اس نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں جاری رکھی ہوئی ہیں جبکہ بھارت سفارتی طورپر امریکہ اور یو اے ای کو اپنے ساتھ ملانے میں کامیاب ہو چکا ہے اور اب امریکہ بھی پاکستان سے کہتا ہے کہ وہ دہشتگردی کی سرگرمیاں روکے جبکہ یو اے ای جو پہلے پاکستان کے خلاف نہیں بولتا تھا اب اس نے بھی پاکستان پر اس قسم کی سرگرمیاں روکنے کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا جو ہماری سفارتی کامیابی ہے ۔

بھارتی وزیر نے دعویٰ کیا کہ ماؤ نواز کارروائیوں میں تیس فیصد کمی ہوئی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ مزید کم ہونگی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ بھارت سے گائے کی بنگلہ دیش میں سمگلنگ روکنے کیلئے سر حد پر سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں ہر سال بیس سے 22لاکھ گائیں بنگلہ دیش سمگل ہوتی تھی جن کی تعداد اب ڈھائی لاکھ رہ گئی ہے اور اسے مکمل طورپر روکنے کیلئے کوششیں جاری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :