سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید کو عہدے سے ہٹادیا گیا ،عظمیٰ عادل نئی ایم ڈی تعینات

عارف حمید کو پیپلز پارٹی کے دور میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم نے تعینات کیا تھا، بعض معلومات سامنے آنے پر ہٹایا گیا ، پنجاب کی انتہائی اہم شخصیت کے بیٹے کی سفارش پر ایک سال کی توسیع د ی گئی تھی ، ذرائع

ہفتہ 5 ستمبر 2015 21:46

سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید کو عہدے سے ہٹادیا گیا ،عظمیٰ ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 05 ستمبر۔2015ء) سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عارف حمید کو عہدے سے ہٹا کر ان کی جگہ عظمیٰ عادل کو تعینات کر دیا گیا،عارف حمید کو پیپلز پارٹی کے دور میں سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم نے تعینات کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو سوئی ناردرن گیس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر عارف حمید کو ان کے عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ عظمی عادل کو ایس این جی پی ایل کا نیا ایم ڈی تعینات کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عارف حمید کو حالیہ دنوں میں کرپشن کے الزامات کے نتیجے میں رینجرز کے زیر حراست اور سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں تعینات کیا تھا، تاہم ڈاکٹر عاصم کی گرفتاری کے بعد اس حوالے سے نئی معلومات سامنے آئی ہیں جس کے بعد حکومت نے سوئی سدرن گیس کمپنی کراچی کے علاوہ ان رپورٹس کی روشنی میں عارف حمید کو بھی عہدے سے ہٹا دیا ہے، اس کے کنٹریکٹ میں 2014ء میں ایک سال کی توسیع کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ عارف حمید کے کنٹریکٹ میں توسیع لاہور میں حکمران جماعت کی ایک اہم شخصیت کے بیٹے کی سفارش پر کی گئی تھی جبکہ ان دنوں وزارت پٹرولیم کی جانب سے بھی ان کی تعیناتی کی مخالفت کی گئی تھی، وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے بھی اس پر شدید احتجاج کیا تھا تاہم وہ بے بس ہو گئے تھے اور عارف حمید کو ایک سال کیلئے توسیع دے دی گئی تھی