پی ایچ ایف سابق صدر میر ظفر اللہ جمالی نے فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر شدید تحفظات ظاہر کردیئے

یہ سب کچھ اس انداز سے نہیں ہوا جو وزیراعظم نواز شریف سے ان کی ملاقاتوں میں طے ہوا تھا، جمالی موجودہ صورت حال پر وزیراعظم سے فوری رابطہ کیا انہیں بتا دیا کہ اگر پاکستانی ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال کرنا ہے تو نیک نیتی پر مبنی فیصلے کرنے ہوں گے، حیران ہوں رانا مجاہد کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا گیا ، انٹرویو

بدھ 2 ستمبر 2015 23:02

پی ایچ ایف سابق صدر میر ظفر اللہ جمالی نے فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 ستمبر۔2015ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر میر ظفراللہ خان جمالی نے ہاکی فیڈریشن کی موجودہ تشکیل پر شدید تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سب کچھ اس انداز سے نہیں ہوا جو وزیراعظم نواز شریف سے ان کی ملاقاتوں میں طے ہوا تھا۔ ظفر اللہ جمالی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے موجودہ صورت حال پر وزیراعظم نواز شریف سے فوری رابطہ کیا اور انہیں بتا دیا کہ اگر پاکستانی ہاکی کا کھویا ہوا وقار بحال کرنا ہے تو نیک نیتی پر مبنی فیصلے کرنے ہوں گے۔

وزیراعظم نے انھیں قومی ہاکی کو تباہی سے نکالنے کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرنے کے لیے کہا تھا جس پر انھوں نے وزیراعظم کو ایک منصوبہ پیش کیا تھا جس کے ذریعے قومی ہاکی کے کھوئے ہوئے وقار کو بحال کیا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم سے ملاقاتوں میں یہ طے ہوا تھا کہ فیڈریشن کے صدر کی تقرری کر دی جائے جس کے بعد باقی عہدے ان کی مشاورت سے طے کیے جائیں گے اور قومی ہاکی کی بہتری کے لیے لائحہ عمل وضع کیا جائے گا۔

لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بین الصوبائی وزارت کے سیکریٹری اعجاز چوہدری نے مبینہ طور پر اس تمام معاملے کو خراب کیا ہے جو ایک ماہ بعد وزارت سے ریٹائر ہو رہے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ کسی طرح پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل بن جائیں۔ میر ظفر اللہ جمالی نے اس بات پر سخت حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مستعفی ہونے والے سیکریٹری رانا مجاہد کو پھولوں کے ہار پہنا کر رخصت کیا گیا۔

یہ بات سبھی جانتے ہیں کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں حالیہ برسوں کے درمیان مالی بے ضابطگیاں ہوئی ہیں اور پیسے کا غلط استعمال ہوا ہے جس کا احتساب لازمی ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے گزشتہ ہفتے بریگیڈیئر ( ریٹائرڈ) خالد کھوکھر کو ہاکی فیڈریشن کا صدر مقرر کیا تھا جنھوں نے آج سابق اولمپیئن شہباز احمد کو فیڈریشن کا سیکرٹری جبکہ رشید جونیئر کو چیف سلیکٹر اور طاہر زمان جونیئر کو ہاکی ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے۔