بھارت کے عوام بھی اب مودی جیسے ظالم شخص کو وزیراعظم بناکر پچھتارہے ہیں ‘سردار آصف احمد علی

منگل 1 ستمبر 2015 13:35

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) سابق وزیرخارجہ پاکستان سردارآصف احمدعلی نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف کھلی جارحیت اور لائن آف کنٹرول پر بلاجوازفائرنگ کرکے پاکستان کو جنگ کیلئے للکارنایہ کوئی بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی کوئی نئی پالیسی نہیں‘ وزیراعظم بننے سے قبل پوری دنیا مودی کے اصل بھیانک چہرے سے واقف تھی اگر اس بات سے لاعلم تھے تو وہ صرف پاکستان کے وزیراعظم میاں نواز شریف تھے جو اب بھی نریندرمودی کیساتھ دوستی کا ہاتھ بڑھانے کیلئے بیتاب نظرآرہے ہیں‘ نریندرمودی دنیابھرکے تمام مسلمانوں کا ہی نہیں بھارت میں بننے والی تمام اقلیتوں کا نمبرون دشمن ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی صحافیوں کیساتھ کی گئی ایک خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

سردارآصف نے کہا کہ بھارت کے عوام بھی اب مودی جیسے ظالم شخص کو وزیراعظم بناکر پچھتارہے ہیں اور اگر مودی سرکار نے پاکستان کیخلاف بلاجواز اشتعال انگیزی جاری رکھی تو پھر وہ دن دورنہیں جب کوئی شخص نریندرمودی کو سبق سکھانے والا پیداہوجائے اور اس کا خمیازہ شایدبھارت کے عوام کو بھی بھگتنا پڑے کیونکہ اسوقت پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں اور اگرخدانخواستہ جنگ چھڑ گئی تو دونوں ملکوں کو تباہ کرکے رکھ دیگی اسلئے نریندرمودی کو اپنی احمقانہ پالیسیوں کو ترک کرکے برصغیر پاک و ہندمیں پائیدار امن کو یقینی بنانے کی پالیسی کو اپناناہوگا اسی میں پاکستان اور بھارت کے عوام کی بہتری ہیں‘ بھارت کے علاقہ احمدآباد میں پٹیل برادری کی طرف سے اپنے حقوق کے حصول کیلئے احتجاج کرنے پر مودی حکومت کی طرف سے ایک درجن نہتے افرادکا قتل عام مودی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کی ایک جھلک ہے۔

ایک سوال پر سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ دو سال سے زائد عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ابھی تک میاں نوازشریف کو اپنی پارٹی کے منتخب عوامی نمائندو ں میں سے ایک بھی قابل شخص نظرنہیں آیا جس کو وہ فل اختیارات دیکر وزیرخارجہ بنائیں‘مشیربھرتی کرکے وزارت خارجہ کو چلانے سے کبھی بھی ہم بھارتی مظالم کو دنیاکے سامنے بیان نہیں کرسکیں گے۔ میاں نوازشریف کی شروع دن سے ہی پالیسی ہے کہ وہ بعض معاملات جیسے وزارت خارجہ میں اپنے علاوہ کسی اور پراعتمادنہیں کرتے۔