ورکنگ باؤنڈری پرجارحیت بھارت کی طرف سے اعلان جنگ ہے،حکمران صرف بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کریں،بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے،بھارت نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر مذاکرات معطل کئے اور پاکستان پر جنگ مسلط کر دی، نریندر مودی سن لے اگر پاکستان سے جنگ کی تواینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،حکمران بھارت سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تاریخ لیں اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وہ مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا تو اعلان کیا جائے کہ اب بھارت سے کوئی بات نہیں ہو گی،امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید کا جلسہ عام سے خطاب

اتوار 30 اگست 2015 18:46

ورکنگ باؤنڈری پرجارحیت بھارت کی طرف سے اعلان جنگ ہے،حکمران صرف بیان ..

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔30اگست۔2015ء) امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ ورکنگ باؤنڈری پرجارحیت بھارت کی طرف سے اعلان جنگ ہے۔حکمران صرف بیان بازی کی بجائے عملی اقدامات کریں۔بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔بھارت نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر مذاکرات معطل کئے اور پاکستان پر جنگ مسلط کر دی، نریندر مودی سن لے اگر پاکستان سے جنگ کی تواینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

حکمران بھارت سے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تاریخ لیں اگر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق وہ مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا تو اعلان کیا جائے کہ اب بھارت سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ہندوستان نے پاکستان کے ہر شہر میں جنگ چھیڑ رکھی ہے اب اس جنگ کو ہندوستان میں دھکیلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

دفاعی پالیسی مضبوط بنانی ہو گی ۔ہمارے وزیر دفاع بیان دیتے ہیں اور جواب میں فائر آتا ہے اب بیانات نہیں عملی جواب دینے کا وقت ہے ۔

انڈیا کی بدمعاشی کو روکنا ہے تو پھربھرپور فیصلے کرنا ہوں گے۔اگر ہم نے مشرقی پاکستان کا بدلہ لیا ہوتا تو آج بھارت کو اتنی جرات نہ ہوتی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خادم علی روڈ پر مقامی کالج میں ورکنگ باؤڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والے افراد کی غائبانہ نما ز جنازہ سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نماز جنازہ میں طلباء،وکلاء،ڈاکٹرز،پروفیسرز سمیت تمام مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر بڑا جذباتی ماحول دیکھنے میں آیا۔ورکنگ باؤنڈری میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین بھی شریک تھے ۔غائبانہ نماز جنازہ کے مدوران شرکاء کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور انڈیا کے خلاف شدید غم وغصہ نظر آرہا تھا۔شرکاء انڈیا سے رشتہ کیا نفرت کا انتقام کا ،کشمیر یوں سے رشتہ کیا لاالہ الاللہ،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔نماز جنازہ سے قبل شرکاء نے بھارت سے پاکستانی نوجوانوں کی شہادت پر بدلہ لینے کا اعلان کیا ۔

شرکاء سے جماعة الدعوة کے مرکزی ر ہنما حافظ عبدالرحمان مکی،مولانا سیف اللہ خالد،جماعة الدعوة سیالکوٹ کے مسئول عبداللہ احمد،جماعة الدعوة شعبہ دعوت و اصلاح سیالکوٹ کے مسئول غازی ابو خزیمہ،ماسٹر ثناء اللہ،حافظ حبیب الرحمان نے بھی خطاب کیا جبکہ فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے چیئرمین حافظ عبدالرؤف ،جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما حافظ خالد ولید،عثمان راؤ،حافظ طلحہ سعید ودیگر بھی موجود تھے۔

پروفیسر حافظ محمد سعید نے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی جارحیت یہ پہلی مرتبہ نہیں ہوئی بلکہ مسلسل ہو رہی ہے۔ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ سے نارووال تک بین الاقوامی سرحد پر فائرنگ ہو رہی ہے۔حالیہ واقعہ کے نتیجہ میں9بے گناہ معصوم شہری شہید ہوئے۔پچاس کے قریب زخمی ہوئے۔مال مویشی کا بے پناہ نقصان ہوا۔دیہاتی اور شہری آبادی کو بھارتی فوج کے بزدلوں نے نشانہ بنایا ہم اس کو انڈیا کی طرف سے اعلان جنگ سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سرتاج عزیز 23اگست کو مذاکرات کے لئے انڈیا جا رہے تھے لیکن انڈیا نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر مذاکرات معطل کئے اور علاقے میں جنگ کا ماحول پیدا کر دیا ۔جب سے مودی اقتدار میں آیا وہ پاکستان کے اندر اور بارڈر پر جنگ کر رہا ہے۔حکومت پاکستان،افواج پاکستان اور عوام کو سنجیدگی سے غور کرکے دفاعی حکمت عملی مرتب کرنی چاہئے۔

ہم حالت جنگ میں ہیں۔پاکستان کے شہروں بلوچستان،وزیرستان،فاٹا میں جنگ مسلط کی گئی ہے۔افسوس اس بات کا ہے کہ انڈیا کی پالیسی پاکستان کے حوالہ سے جارحانہ ہے اور پاکستان کی فدویانہ ہے اسی وجہ سے پاکستان نے ہمیشہ نقصان اٹھایا۔اب حالیہ واقعہ سے انتہا ہو چکی ہے۔فدویانہ پالیسی مزید نہیں چلے گی۔انہوں نے کہا کہ انڈیا کے ساتھ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔

اگر انڈیا نے حریت رہنماؤں سے ملاقات کا بہانہ بنا کر مذاکرات منسوخ اور شیلنگ کر کے پاکستان کو پیغام دیا تو پاکستانی حکومت کو بھی فیصلہ کرنا ہے۔خواجہ آصف صاحب،آپ وزیر دفاع ہیں۔صرف بیانات سے اب کام نہیں چلے گا ۔آپ بیان دیتے ہیں اور جواب میں فائر آتے ہیں۔اب فیصلہ کر لیں کہ ہم نے کشمیر کا مسئلہ حل کرنا ہے اور ابھی کرنا ہے۔عالمی دنیا کو ساتھ کھڑا کرو۔

سفارتخانوں کو متحرک کریں اور کشمیر کے اندرونی حالات و حقائق دنیا کو بتائیں کہ کشمیر میں کتنا ظلم ہوااسے بے نقاب کریں۔بھارت ایک ممبئی کے واقعہ کا پروپیگنڈہ کر کے پاکستان میں ہر روز دہشت گردی کروا رہا ہے۔بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق کشمیریوں کو انکے فیصلے کا اختیار دے اور اس کے لئے تاریخ طے کرے۔

اگر وہ ایسا نہیں کرتا ،قراردادوں سے انکارکرتا ہے تو پھر حکومت پاکستان اعلان کرے کہ ہم مکمل طور پر کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔انکی جاری تحریک آزادی کشمیر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا اور پھر انڈیا کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا کہ مودی نے ڈھاکہ میں جا کر پاکستان توڑنے کا میڈل وصول کیا ۔انڈیا کے جرائم کی فہرست طویل ہے۔

پاکستان میں بھارتی مداخلت کو دنیا کے سامنے لایاجائے اور اس کیس کو اقوام متحدہ میں اٹھایا جائے۔را پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث ہے بیانات دینے کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں۔پاکستان کے دفاع کا تقاضا بیانات نہیں بلکہ باردڑ پر گرنے والی لاشوں،مداخلت ،اور مالی نقصان کا بدلہ لیا جائے۔اگر انڈیا کو اس کی بدمعاشی سے روکنا ہے تو پھر فیصلے کرنا ہوں گے۔

اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے تو اگلا وار نہیں آئے گا۔اگر ہم نے مشرقی پاکستان کا بدلہ لیا ہوتا تو آج حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے امریکہ کی شہہ پر مغربی بارڈر پر پیٹھ کر حساس علاقوں کو میدان جنگ بنایا۔بھارت اکیلا کچھ نہیں کر سکتا۔پاکستان کے اندر لٹیروں کو پکڑنا ہے تو ان بڑے لٹیروں کے سامنے بھی کھڑا ہونا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مودی سمجھتا ہے کہ اس کو پاکستان کو تباہ کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے۔

پاکستانی قوم آج یہ پیغام دے رہی ہے کہ مودی سن،تو بارڈر پر جنگ لڑے گا اب تیرے ہر شہر میں جنگ ہو گی۔جماعة الدعوة کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمان مکی نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کی وجہ سے پاکستان میں بھارتی ایجنٹوں کا خاتمہ ہو نے کی وجہ سے بھارت سرکار بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ورکنگ باؤڈری پر بلاجواز نہتے لوگوں کے گھروں پر بمباری کی گئی۔

بھارت سے دوستی کے راگ الاپنے والے اور تجارت کرنے والے ہوش میں آئیں۔بھارت کا مکروہ و گھناؤنا چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔اس کے ساتھ ہمارا ثقافت کا نہیں بلکہ عداوت کا رشتہ ہے۔سیالکوٹ کو خون میں نہلا کر اس نے رشتہ واضح کر دیا۔جماعة الدعوة کے مرکزی رہنمامولانا سیف اللہ خالد،جماعة الدعوة سیالکوٹ کے مسئول عبداللہ احمد،جماعة الدعوة شعبہ دعوت و اصلاح سیالکوٹ کے مسئول غازی ابو خزیمہ،ماسٹر ثناء اللہ،حافظ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کی وجہ سے بھارت پریشانی میں مبتلا ہے اور امن والے علاقوں کو میدان جنگ میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔حکمرانوں کو اب پالیسی کی اصلاح کرنی ہو گی۔انڈیا کے جرائم کی فہرست بڑی طویل ہے۔