مودی اپنی گرتے معیار پر پردہ ڈالنے کیلئے نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے،خواجہ آصف

بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنا دفاع جانتاہے، بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے پاکستان پر امن ملک ہے، کسی بھی ملک میں مداخلت کا سوچ ہی نہیں سکتا ہے،میڈیا سے گفتگو وزیر دفاع کا سیالکوٹ کے سی ایم ایچ ہسپتال کا دورہ، بھارتی فائرنگ سے زخمی شہریوں کی عیادت کی، بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت

ہفتہ 29 اگست 2015 20:50

مودی اپنی گرتے معیار پر پردہ ڈالنے کیلئے نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنا ..

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 29 اگست۔2015ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اپنی گرتے ہوئے معیار پر پردہ ڈالنے کیلئے نہتے پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، انہیں شرم آنی چاہیے۔ بھارت اپنے کرتوت چھپانے کیلئے ورکنگ باؤنڈری پر گولہ باری کررہا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ کے سی ایم ایچ ہسپتال کا دورہ کیا اور وہاں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کی جانب سے گولہ باری اور فائرنگ سے بے گناہ زخمی شہریوں کی عیادت کی۔

وزیر دفا ع خواجہ آصف نے بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کو بہتر طبی امدادکی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ عام شہریوں کو نشانہ بزدلی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی فائرنگ سے 9 شہری شہید ہوئے تھے اور متعدد زخمی ہوئے ان کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی اہلیت رکھتا ہے بھارت کسی خوش فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنا دفاع جانتاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔ بھارت پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے کے بے شمار ثبوت ملے ہیں پاکستان اقوام متحدہ کے فورم اورعالمی برادری سے بھارتی مداخلت کے حوالے سے گفت و شنید کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پر امن ملک ہے، کسی بھی ملک میں کسی قسم کی مداخلت کا سوچ ہی نہیں سکتا ہے۔ پاکستان کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کیلئے ہے۔