مائنس (ن) لیگوں کے اتحاد کے لئے کوششیں جاری ہیں،آگے چل کر سربراہ کافیصلہ بھی ہو جائیگا‘ پرویز الٰہی

چیف الیکشن کمشنر تو بے اختیار تھے ،انتخابات میں دھاندلی کے اصل ذمہ داران صوبائی الیکشن کمشنرزہیں،مستعفی ہونا چاہیے

جمعرات 27 اگست 2015 23:11

مائنس (ن) لیگوں کے اتحاد کے لئے کوششیں جاری ہیں،آگے چل کر سربراہ کافیصلہ ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اگست۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ مائنس (ن) لیگوں کے اتحاد کے لئے کوششیں جاری ہیں، چیف الیکشن کمشنر تو بے اختیار تھے اور عام انتخابات میں دھاندلی کے اصل ذمہ داران صوبائی الیکشن کمشنرزہیں اور انہیں مستعفی ہونا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز سینئر صحافی عدنان ملک سے انکے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ مسلم لیگ ہی ملک کی خالق جماعت ہے او راب بھی ملک کے مفاد میں تمام لیگوں کو اکٹھا ہونا چاہیے ۔ اس کے لئے کاوشیں شروع ہو چکی ہیں اور مائنس (ن) مسلم لیگوں کا اتحاد ہوگا ۔ انہوں نے اتحادکے سربراہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ ابھی بات چیت کا آغاز ہے اور آگے چل کر اس کا فیصلہ بھی کرلیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

لیگوں کے اتحاد کے لئے پیر پگاڑا،غوث علی شاہ، سردار ذوالفقارعلی خان کھوسہ اور پرویز مشرف سمیت دیگر سے ملاقاتیں ہوں گی ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عمران خان نے اس وقت جو ایشو اٹھایا ہے وہ ان کا ذاتی نہیں بلکہ پورے ملک کا مسئلہ ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر تو بے اختیار تھے عام انتخابات میں اصل دھاندلی صوبائی الیکشن کمشنرز نے کی اورانہیں مستعفی ہوناچاہیے اور یہ ساری جماعتوں کا مطالبہ ہے۔

متعلقہ عنوان :