اساتذہ قوموں کے مستقبل کے ضامن ہیں ،اساتذہ کواحترام دیکرہی معاشرے میں سدھار قائم کرسکتے ہیں

ڈپٹی کمشنر سکردوعابد علی کا ٹیچرڈے پر منعقدہ تقریب سے خطاب

پیر 24 اگست 2015 22:46

سکردو(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)ڈپٹی کمشنر سکردوعابدعلی نے کہاہے کہ اساتذہ قوموں کے مستقبل کے ضامن ہیں ،اساتذہ کواحترام دیکرہی معاشرے میں سدھار قائم کرسکتے ہیں ۔پبلک سکول اینڈ کالج میں ٹیچرڈے کے موقعے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ جن معاشروں اورقوموں میں استاد کااحترام ہوتاہے وہی قومیں ترقی کی منزلیں طے کرتی ہیں ۔

ایک استاد ہی ہمارے آنے والے کل کی تعمیر ہوتاہے ۔جسکے لئے ذہنی یکسوئی اورفکر معاش سے آزاد کرنے کے ساتھ اسے احترام کی نظرسے دیکھنا ہوگا۔

(جاری ہے)

بیسٹ ٹیچرکاایوارڈ حاصل کرنے والے استاد سید حسین نے کہاکہ 30سالہ درس تدریس کے شعبے سے منسلک رہنے کے بعدسیکھا ہے کہ علم کی کوئی سرحد،وطن اوردشمن نہیں ہوتاہے ۔اورجتناعلم کوبانٹا جائے اتناہی بڑھتا ہے لہذا اساتذہ کرام علم وعمل میں یکسوئی پیدا کریں ۔

تقریب میں بوائز ہائی سکول،بوائز ہائی سکول مہدی آبادکے طلبہ نے خوبصورت ٹیبلو پیش کرکے شرکا سے زبردست داد حاصل کی ۔تقریب کے آخر میں صدر محفل ،مہمان خصوصی اوردیگر نے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے اساتذہ اورطلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے ۔تقریب میں اساتذہ،طلبہ،آرمی حکام سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی ۔