ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے گیس پائین میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ پچاس خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم

پیر 24 اگست 2015 22:44

چلاس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے تعاون سے ضلع دیامر کے علاقے گیس پائین میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ پچاس خاندانوں میں امدادی اشیاء تقسیم کی گئیں۔ امدادی سامان ہلال احمر گلگت بلتستان کے چیئرمین محمد ولی، صوبائی سکریٹری نورالعین، ڈیزاسٹر منیجمنٹ منیجر شفیق احمد و دیگر نے سیلاب سے متاثرہ علاقے گیس پائین کا دورہ کرکے متاثرین میں تقسیم کئے، جن میں خیمے، کمبل،ترپال شیٹس،کچن کا سامان،تیل کی بخاریاں،پانی کے کین،ہائی جین کٹس اور دیگر گھریلوے استعمال کی چیزیں شامل تھیں۔

امدادی اشیاء کی تقسیم کے موقع پرانتظامیہ کا عملہ اور ٹیلی نار پاکستان کے نمائندے بھی موقع پر موجود تھے۔ سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمرگلگت بلتستان کے چیئرمین محمد ولی نے کہا کہ قدرتی آفات اﷲ تعالیٰ کی طرف سے ایک قسم کی ازمائش ہے جسے روکنا انسان کی بس کی بات نہیں تاہم مصیبت کی اس گھڑی میں ہلال احمر سیلاب متاثرین کے ساتھ ہے اور متاثرین کی مشکلات کو کم کرنے کے لئے ادارہ اپنا ہرممکن کردار ادا کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہلال احمر حکومت کا معاون ادارہ ہے یہ کوئی این جی او نہیں کہ آفت آتے ہی متاثرین کی مدد کے لئے پہنچ جائے اس لئے ہمیں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ ملکر باہم مشاورت سے کام کرنا پڑتا ہے تاکہ متاثرہ افراد کی امداد کو بحالی کی سرگرمیاں موثر انداز میں پایہ تکیمل تک پہنچایا جاسکے۔ اس موقع پر سیلاب متاثرین اور علاقے کے عمائدین نے مشکل گھڑی میں متاثرین کی مددکرنے پر ہلال احمر گلگت بلتستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دریں اثناء ہلال احمر گلگت بلتستان کی جانب سے ٹیلی نار پاکستان کے تعاون سے ضلع دیامر کے علاقے گیس پائین میں ایک تین روزہ فری میڈیکل کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جس میں ادارے کے طبی ماہرین مریضوں کا معائینہ کرکے مفت ادویات بھی فراہم کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :