Live Updates

اقتدار میں آکر نظام کی اصلاح ،جمہوریت میں استحکام اور اداروں کو موثر انداز میں عوامی خدمت پر مامور کرینگے ،تحریک انصاف ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے ، تحریک انصاف کا پیغام بڑی تیزی سے ملک کے کونے کونے تک پھیل رہا ہے ، پارٹی کو عوام میں مقبولیت مل رہی ہے

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی بہاولنگر اور راجن پور سے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والے رہنماؤں سے گفتگو

پیر 24 اگست 2015 22:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بہاولنگر اور راجن پور سے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے سیاسی رہنماؤں کا خیر مقدم کیا ہے اور تحریک انصاف میں ان کی شمولیت کے فیصلے کو سراہا ہے اور کہاہے کہ پاکستان تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو ملک میں جمہوریت کے استحکام، آئین کی بالادستی اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہے ، تحریک انصاف کا پیغام بڑی تیزی سے ملک کے کونے کونے تک نہ صرف پھیلا رہا ہے بلکہ اسے عوام میں مقبولیت اور پذیرائی بھی مل رہی ہے۔

تحریک انصاف کا مستقبل روشن ہے، اقتدار میں آکر نہ صرف نظام کی اصلاح کرینگے بلکہ جمہوریت میں استحکام اور اداروں کو موثر انداز میں عوام کی خدمت پر مامور کرینگے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے پیپلزپارٹی کے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے نئی پارٹی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف سے ملاقات کرنے والے وفد میں NA191 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ڈاکٹر مظہر اقبال چوہدری، مسلم لیگ نواز کے ٹکٹ ہولڈر عبدالرشید، پی پی 284سے صوبائی اسمبلی اسمبلی کے امیدوار چوہدری شاہد انجم اور پی پی 248راجن پور سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار اطہر حسین خان گورچانی شامل تھے۔

اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی اور سنٹرل آرگنائزر جہانگیر ترین بھی موجود تھے۔ دوسری جانب جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے ضلعی آرگنائزرز نے نیشنل آرگنائزر شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی اور تنظیم سازی، پارٹی امور اور آئندہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے حوالے سے انہیں آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر پارٹی امور پر بھی مفصل انداز میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اس موقع پر جنوبی اضلاع سے تعلق رکھنے والے پارٹی عہدیداران کو اتحادو اتفاق سے کام لینے اور مل جل کر پارٹی کو منظم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنی جدوجہد کے فیصلہ کن دور میں داخل ہو چکی ہے، وقت آن پہنچا ہے کہ تمام اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری محنت اور لگن سے پارٹی کو ملک بھر خصوصاً جنوبی پنجاب میں منظم کیا جائے اور قوم کو روایتی سیاست کے چنگل سے آزاد کروانے کی راہ نکالی جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات