Live Updates

الیکشن ٹربیونل نے انصاف نہیں کیا،سپریم کورٹ سے ریلیف مل گیا تو دوبارہ سپیکر قومی اسمبلی بن جاؤں گا ، ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کی مشینری کی قیمت مجھ پر ڈال دی، کل عمران خان کی گاڑی کے پٹرول کا خرچہ بھی مجھ سے نہ مانگ لیاجائے، سپیکر شپ یا کسی عہدے کی خاطر عزت خراب نہیں کروں گا

مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار ایاز صادق کی نجی ٹی وی سے گفتگو

پیر 24 اگست 2015 22:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) مسلم لیگ(ن) کے رہنماء سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ الیکشن ٹربیونل نے میرے ساتھ انصاف نہیں کیا، مستقبل کا فیصلہ کرلیا، پارٹی قیادت کے ساتھ مشورہ باقی ہے،سپریم کورٹ سے ریلیف مل گیا تو دوبارہ سپیکر قومی اسمبلی بن جاؤں گا، الیکشن کمیشن کو 2018ء کے الیکشن کی تیاری شروع کر دینی چاہیے، الیکشن ٹربیونل نے الیکشن کمیشن کی مشینری کی قیمت مجھ پر ڈال دی، کل کو عمران خان کی گاڑی میں پٹرول ڈلوانے کا خرچہ بھی مجھ سے نہ مانگ لیاجائے ۔

پیرکو نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے الیکشن ٹربیونل کے معطل کئے گئے آرڈر کو بھی مان لیا ہے، اب میں اپنی لیڈر شپ سے مشورہ کئے بغیر تو بیان نہیں کر سکتا، میرے لئے میری اور پارٹی کی عزت اہم ہے، میں اسپیکر شپ یا کسی عہدے کی خاطر عزت خراب نہیں کروں گا، یہ وقتی تھی ہمیشہ کیلئے نہیں، میں نے کبھی اس سے دل نہیں لگایا، میرے لئے اس میں بھی بہتری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا دل تو چاہتا ہے کہ دوبارہ الیکشن لڑوں۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں ہر عدالت کا فیصلہ ماننا چاہیے لیکن اگر ٹربیونل کے فیصلے کو دیکھا جائے تو اس میں جج صاحب نے پہلے 6جوائنٹ اپنی تعریف لکھی ہوئی ہے جو مجھے بہت عجیب لگی، فیصلے میں کہیں بھی عمران خان نے ثبوت پیش نہیں کئے جو اس کے وکیل کہتے گئے وہ یجج صاحب سنتے گئے اور فیصلہ دے دیا، فیصلے میں الیکشن کمیشن اور نادرا پر الزام ٹھہرایا گیا ہے اور فیصلہ میرے خلاف دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ وہ ابھی سے 2018 کے الیکشن کی تیاری شروع کر دے اور پریزائیڈنگ افسر کو تربیت دے تا کہ آئندہ الیکشن شفاف ہو، ووٹ ڈالتے ہوئے شناختی کارڈ نمبر لکھتے ہوئے غلطی ہو جاتی ہے، میرے حلقے میں 23ہزار ووٹ کس نے ڈالے ، دنیا کی کوئی طاقت نہیں بتا سکتی، پورے پاکستان میں ایک جیسی کوتاہیاں سامنے آرہی ہیں لیکن میرے حلقے میں الیکشن کمیشن کی مشنری کی قیمت مجھ پر ڈال دی۔ سردار ایازصادق نے کہا کہ ہو سکتا ہے اب مجھ پر یہ ذمہ داری بھی نہ ڈال دی جائے کہ عمران خان کی گاڑی میں پٹرول بھی ڈلواتا رہا ہوں

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات