Live Updates

پی ٹی آئی کارکنان کی جانب ایاز صادق کی نا اہلی کی خوشی میں شاندار ریلی پر مبارکباد دیتا ہوں،عزیز خان آفریدی

الیکشن کمیشن کی نا اہلی اور بے ضابطگیوں کے ثابت ہونے کے بعد ان میں ملوث اہلکاروں کو سزائیں کب ملیں گی

پیر 24 اگست 2015 22:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے سینئر رہنما عزیز خان آفریدی نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی حلقہ این اے 122کے حوالے سے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کی خوشی میں تحریک انصاف کراچی کے کارکنان نے انصاف ہاؤس تا مزار قائد جس طرح شاندار ریلی کا انعقاد کیا انہیں مبارکباد دیتا ہوں ۔ دھاندلی کے خلاف احتجاجی تحریک میں تحریک انصاف کراچی کے کارکنان اور کراچی کے شہریوں کا بڑا کلیدی کردار رہا ہے۔

یہ باتیں انہوں نے میڈیا سیل کراچی کے دفتر میں صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سیکریٹری اطلاعات کراچی ریجن دوا خان صابر، امجد جاہ، ڈاکٹر سنجے ، بلال غفار، ملک شہزاد اعوان، توصیق ہوتی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عزیز خان آفریدی نے مزید کہا کہ این اے 122کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ 2013کے الیکشن دھاندلی زدہ تھے۔

تحریک انصاف کے قائد عمران خان کا اسلام آباد میں دھرنا دینے کا مقصد عوام کے ووٹ کا تحفظ اور حقیقی جمہوریت کے لئے تھا۔ جب تک عوام کو ووٹ کا تحفظ نہیں ملے گا اس وقت تک ملک میں حقیقی جمہوریت قائم نہیں ہوسکتی ۔ ایک سوال کے جواب میں عزیز آفریدی نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن سے لے کر حلقہ این اے125 اور 122کی ٹربیونل رپورٹ میں الیکشن کمیشن کی نا اہلی اور بے ضابتگیوں کے ثابت ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کو سزائیں کب ملیں گی۔

اگر اس قسم کی رپورٹس کسی باہر دنیا میں سامنے آتیں تو ان کا پورا الیکشن کمیشن جیل میں ہوتا۔ لیکن بد قسمتی سے پوری قوم کے مینڈیٹ کو چرایا گیا لیکن سزا کسی کو نہیں ملی ۔چیئر مین عمران خان کی جانب سے الیکشن کمیشن کے صوبائی اراکین کے مستعفی ہونے کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔اگر چیئر مین عمران خان نے الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان کیا تو تحریک انصاف کراچی کی قیادت، پارٹی کارکنان اوراہلیان کراچی دھرنے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔کیونکہ اہلیان کراچی تو پہلے سے ہی ٹھپا مافیا سے تنگ آ چکے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات