کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے کیساتھ ٹریفک نظام میں بہتری آتی ہے ،وزیراعلیٰ سندھ

پولیس ڈیپارٹمنٹ کے 200کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے لنک کیا گیا ،اسی ہفتے کے ایم سی کے 1800کیمرے بھی اس نظام سے منسلک کئے جائینگے

پیر 24 اگست 2015 22:27

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ کمانڈ اینڈکنٹرول سینٹر سے مجرمانہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے کے ساتھ ساتھ ٹریفک نظام میں بہتری آتی ہے اور کسی بھی واقعہ کی صورت میں پولیس کی بروقت کاروائی کو بھی مانیٹر کیا جاسکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس نظام کو پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو 120ملین روپے کی لاگت سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں قائم کیئے جانے والے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا افتتاح کرنے کے موقع پر کیا۔ اس موقعہ پر صوبائی وزراء نثار کھوڑو، ڈاکٹر سکندر میندھرو، گیان چند اسرانی ، مکیش کمار چاؤلہ ، معاونین خصوصی وقار مہدی ، راشد حسین ربانی ، صدیق ابو بھائی ، آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سیکریٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزیر اعلیٰ سندھ کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس وقت پولیس ڈپارٹمنٹ کے 200کیمروں کو کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے لنک کیا گیا ہے اور اس ہفتے کے آخر میں کے ایم سی کے 1800کیمرے بھی اس نظام سے منسلک کئے جائینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وی وی آئی پی پروگرام اور موومینٹس کو بھی اس سینٹر کے ذریعے خصوصی انتظامات کر کے مانیٹر کیا جاسکتا ہے ۔

آئی جی سندھ پولیس غلام حیدر جمالی نے بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے نصب کئے گئے کیمرے 2میگا پکسل کے ہیں تا ہم ہم ایک غیر ملکی ادارے سے مزاکرات کر رہے ہیں تاکہ سرویلنس نظام کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ 8میگا پکسل کے کیمرے نصب کئے جائیں جس سے فوٹیج کے معیار میں کئی گنا اضافہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے سرور روم، ریکارڈنگ سسٹم کا معائینہ کیا اور متعلقہ حکام کو موجودہ سسٹم کو مزید بہتر اور اپ گریڈ کرنے کے لئے احکامات جاری کئے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو کو قائم کئے گئے کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو عوام کے مفاد میں موثر طریقے سے چلانے کے احکامات جاری کئے۔