شبیر ابوطالب جیسے سیاسی قائدین کی گرفتاری کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کی سازش ہے،ڈاکٹرابوالخیر محمدزبیر

دہشتگردوں ،سرپرستوں ،محب وطن افراد میں فرق کیاجائے،کراچی میں جاری آپریشن بغیر کسی تعطل کے جاری رہناچاہئے شبیر ابوطالب جمعیت علماء پاکستان کے وفاداررکن ،اہم ذمہ دار اور امام شاہ احمدنورانی صدیقی ؒ کے جاں نثار سپاہی ہیں، اراکین مجلس شوریٰ وعاملہ کااظہار یکجہتی

پیر 24 اگست 2015 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) جمعیت علماء پاکستان کی مجالس شوریٰ وعاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیاگیاہے کہ جے یوپی صوبہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں بھرپورحصہ لے گی، ہم خیال سیاسی ومذہبی جماعتوں سے مشاورت ورابطوں کاآغاز ہوگیاہے ،کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں، بلدیاتی الیکشن سے قبل سندھ کے مختلف اضلاع میں ورکرزکنونشن منعقد ہوں گے جبکہ7ستمبر کویوم ختم نبوت کے موقع پر ملک بھر کی طرح پورے سندھ میں ختم نبوت کانفرنسز، اجتماعات اور مختلف پروگرامزکا انعقاد کیاجائے گا۔

مسجد امام شاہ احمدنورانیؒ گلبرگ میں صوبائی صدرمفتی عبدالنبی لانگاہ کے زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں مرکزی صدر ڈاکٹرصاحبزادہ ابوالخیرمحمدزبیر مجددی،جنرل سیکریٹری سندھ علامہ السید عقیل انجم قادری، مولانامحمدمعشوق ہالیپوٹہ، صاحبزادہ افتخاراحمدعباسی، صاحبزادہ سیدحامد محمودفیضی، صاحبزادہ میاں منیراحمداندھڑ،مفتی رفیع الرحمان نورانی، مفتی بشیرالقادری نورانی،ڈاکٹریونس دانش، ناظم علی آرائیں،مولاناعبدالمتین نعیمی، مولانااسلم لانگاہ،مولاناعلی شیر جتوئی،عارف قائم خانی، سید عبدالغنی شاہ ودیگر سمیت ضلعی صدور،سینئرنائب صدور،جنرل سیکریٹریز،اراکین مجلس عاملہ وشوریٰ کی بڑی تعدادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے قائدجمعیت علماء پاکستان صاحبزادہ ڈاکٹرابوالخیرمحمدزبیرنے کہا کہ شبیر ابوطالب جمعیت علماء پاکستان کے وفاداررکن ،اہم ذمہ دار اور امام شاہ احمدنورانی صدیقی ؒ کے جاں نثار سپاہی ہیں، تمام اراکین مجلس شوریٰ وعاملہ ان کے ساتھ بھرپوریکجہتی کااظہارکرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ شبیر ابوطالب جیسے سیاسی قائدین کی گرفتاری کراچی آپریشن کو متنازعہ بنانے کی سازش ہے، قانون نافذکرنے والے ادارے دینی شخصیات اور اداروں کے تقدس کو پامال نہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردوں ،ان کے سرپرستوں اور محب وطن افراد میں فرق کیاجائے،کراچی میں جاری آپریشن بغیر کسی تعطل کے جاری رہناچاہئے اور بلاتخصیص ہر قسم کے دہشتگردوں کی سرکوبی کی جائے اور انہیں ان کے سرپرستوں کے ساتھ کیفرکردارتک پہنچایاجائے۔صاحبزادہ ڈاکٹرابوالخیرمحمدزبیر نے کہاکہ سندھ حکومت نے کراچی واندرون سندھ میں بلدیاتی حلقہ جات میں جو تبدیلیاں کی ہیں وہ بدنیتی پر مبنی ہیں،الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔

اجلاس میں مطالبہ کیاگیاکہ حکومت متاثرین سیلاب کی بحالی کے لئے بھرپوراقدامات کرے اور امدادی فنڈزمیں لوٹ مار اور خرد برد کو بندکیاجائے۔اجلاس میں قاری رفیق چشتی ، سید منیر حیدرشاہ، ناصر قادری، رضوان شیخ، مولاناعبیداﷲ حیدری، مولاناامجد علی قادری، ڈاکٹرمیرمحمدحسینی، حافظ نظام الدین، سیدیاسین شاہ، قاضی شکیل احمدنورانی، سید محمدعباس نورانی، محمودخاں عسکری، شیخ عبدالوحید یونس، سیدعمران حسین، محمدانورقاسمی، سیدمسروراحمد، مولاناخلیل احمدنورانی، مولاناسیف اﷲ ظہوری ودیگر بھی شریک تھے۔