سیلا ب کی روک تھام کیلئے نئے آبی ذخائر بننے ضروری ہیں ،بڑے آبی ذخائر بنیں گے تو سیلاب پر کنٹرول ہو گا،مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی عرفان دولتانہ کا بیان

پیر 24 اگست 2015 22:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ سیلا ب کی روک تھام کیلئے نئے آبی ذخائر بننے ضروری ہیں ۔ماضی میں آبی ذخائر بنانے کے حوالے سے بہت سا وقت ضائع ہوا ہے ۔ بڑے آبی ذخائر بنیں گے تو سیلاب پر کنٹرول کرنے میں آسانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ مشرف دور میں بھاشا ڈیم بنانے کا ڈرامہ رچایا گیااور عملی طورپر کچھ نہ کیا گیا،تاہم وزیراعظم محمد نوازشریف کی حکومت نے بھاشا ڈیم کی اراضی خریدنے کا کام مکمل کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

50ارب روپے کی خطیر رقم زمین کے حصول کیلئے دی گئی ہے ۔داسو ڈیم پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اوراگلے چار برس میں یہ ڈیم 4ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کررہا ہو گا ۔پنجاب حکومت نے پوٹھوہار میں چھوٹے ڈیموں پر کام کیا ہے ۔تونسہ بیراج کی تعمیر وبحالی کامنصوبہ مکمل ہوچکا ہے ۔2017ء تک پنجاب کے دیگر بیراجوں کی مرمت و بحالی کا کام بھی مکمل ہوجائے گا۔دریاؤں کی گذر گاہوں کے اندربنی بستیوں کو اچھے انداز سے ہینڈل کیا جائے گا اوراس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ ایسی مزید بستیاں دریاؤں کی گذرگاہوں کے اندرنہ بنیں