مقدونیہ اور سربیہ میں ہزاروں غیر قانونی مہاجرین کی آمد

دونوں ممالک کے حکام نے اس سے پہلے مہاجرین کی آمد پر پابندی عائد کررکھی تھی

پیر 24 اگست 2015 22:12

ایتھنز(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء)ہزاروں غیر قانونی مہاجرین یورپی ممالک جانے کے مقصد سے مقدونیہ اور سربیہ پہنچ گئے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکومت مقدونیہ نے اعلان کیا کہ چھے ہزار سے زیادہ مہاجرین، جن میں زیادہ تر شامی پناہ گزیں ہیں، مقدونیہ اور سربیہ پہنچے ہیں تاکہ یہاں سے اپنی منزل مقصود والے ملکوں کی طرف جا سکیں- مقدونیہ اور سربیہ کے حکام، جنہوں نے اب سے پہلے تک اپنے یہاں مہاجرین کی آمد پر پابندی لگا رکھی تھی، اب چھے ہزار سے زیادہ مہاجرین کو آنے کی اجازت دینے کے لئے مجبور ہو گئے ہیں- جمعرات کے روز جنوبی اور شمالی مقدونیہ کی سرحد پر ہنگامی حالت کا اعلان ہونے کے بعد تقریباتین ہزار مہاجرین مقدونیہ کی سر حد پر رک کئے تھے- بعض مہاجرین نے مقدونیہ کے اس اقدام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے یونان اور مقدونیہ کے درمیان ریل کی پٹریوں پر لیٹ کر ٹرینوں کی آمد و رفت کو معطل کر دیا تھا- حکومت مقدونیہ نے اس خیال سے ہنگامی حالت کا اعلان کیا ہے کہ اس طرح یورپ مہاجرین کے مسئلے پر توجہ دے گا۔