مکران کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیئے وزیر اعلی ایران سے نیا معاہدہ عمل میں لاچکے ہیں ،فدا حسین دشتی

عنقریب عمل درامد ، مکران کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے دائمی نجات مل جائیگی، چیئرمین ضلع کونسل کیچ

پیر 24 اگست 2015 22:10

تربت( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء ) ضلع کونسل کیچ کے چیئرمین فدا حسین دشتی نے کہا ہے کہ مکران کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے نجات دلانے کے لیئے وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر مالک ایران سے ایک نیا معاہدہ عمل میں لاچکے ہیں جس پر عنقریب عمل درامد ہوگا جس کے بعد مکران کے عوام کو بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے دائمی نجات مل جائیگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کوئٹہ روانگی کے موقع پر صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت ہمسایہ ملک ایران سے مکران کے لیئے مذید 30میگاواٹ بجلی کے معاہدے پر کام کررہی ہے جس پر بہت جلد عمل ہوگا یہ معاہدہ مکران کے عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے کیاگیا ہے کیوں کہ یہاں بجلی کا شارٹ فال موجود ہے بالخصوص گرمیوں کے زمانے میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑتا ہے اسی ضرورت کے پیش نظر ہماری حکومت نے ضروری سمجھا کہ اپنے عوام کو سہولت مہیا کیا جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت بجلی سمیت عوام کی سہولت کے لیئے دیگر اہم تریں مسائل کے حل پر توجہ دے رہی ہے ضلع کیچ میں وزیر اعلی ڈاکٹر مالک کی ترقیاتی اسکمیں تاریخ کے حصے ہیں پہلی بار تربت اور کیچ کو صوبائی سطح پر اہمیت دے کر میگاسٹی پروجیکٹ کا آغاز کردیاگیا جس کے پہلے فیز میں سڑکوں کی تعمیر آخری مرحلے میں پہنچ چکی ہے اور یقینا ان سے یہاں کے عوام کو ٹرانسپورٹ کی مد بہت زیادہ مدد مل جائیگی اس کے علاوہ تربت میں تعلیمی صورتحال کی بہتری کے لیئے کافی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں ضلع کیچ میں یونیورسٹی، میڈیکل کالج اور دیگر ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کا قیام انقلابی اقدامات ہیں انہوں نے کہاکہ اس کے علاوہ ضلع کونسل کو ترقیاتی دھارے میں شامل کرانے کے لیئے وزیر اعلی ڈاکٹر مالک نے اہم کارنامہ انجام دیا ہے پہلی مرتبہ ضرورت کے مطابق سیع پیمانے پر ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹیوں کو فنڈز کی فراہمی یقینی بنا کر سماجی سطح پر ترقی کا عمل شروع کردیاگیا ہے ۔

ضلع کونسل کیچ انتہائی فعال اور متحرک صورت میں کام کررہی ہے جس کے مثبت ثمرات سے یہاں کے عوام بہت جلد مستفید ہونگے انہوں نے مذیدکہاکہ مکران کے لیئے ایران سے مذید میگاواٹ بجلی کا معاہدہ بلا شبہ ایک تاریخی قدم ہے جو اپنے عوام سے حکومت کی سنسیرٹی کا اظہار ہے ۔

متعلقہ عنوان :