لاہور،شیخوپورہ اور راولپنڈی میں ڈینگی سرویلنس ٹیموں میں اضافہ کر دیاگیا‘ جواد رفیق ملک

ڈینگی سرویلنس میں اضافہ سے ڈینگی لاروا رپورٹنگ بڑھ گئی ،ڈینگی کا پیک سیزن ہے،تمام سرکاری محکمے الرٹ رہیں

پیر 24 اگست 2015 21:55

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 اگست۔2015ء) سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک نے تمام سرکاری محکموں کے افسران سے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد ڈینگی کی افزائش کے لئے موسمی حالات بہت موافق ہیں لہذا تمام محکمے پوری طرح الرٹ رہ کر انسداد ڈینگی کی سرگرمیاں بھرپورطریقہ سے جاری رکھیں۔انہوں نے یہ بات یہاں سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں رکن پنجاب اسمبلی پیر اشرف رسول اور مسز کرن ڈار کے علاوہ تمام سرکاری محکموں کے سینئر افسران،ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب،PITB ، پاکستان ریلوے،سوئی گیس اور دیگر وفاقی محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں ڈی سی او لاہور اور شیخوپورہ بھی موجود تھے جبکہ فیصل آباد ،ملتان،گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے کمشنرز اور ای ڈی او ہیلتھ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلا س میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور میں ڈینگی سرویلنس ٹیموں میں اضافہ کر دیا گیا جس سے ڈینگی سرویلنس مزید بہتر ہو گئی ہے اور لاروا بڑی تعداد میں رپورٹ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ڈینگی ریگولیشنز کی خلاف ورزی پر رواں ماہ 172 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ،فیصل آباد،ملتان اور گوجرانوالہ نے اپنے اپنے ڈویژن کے اضلاع میں ڈینگی کنٹرول کے لئے انڈور اور آؤٹ ڈورسرویلنس کے علاوہ ڈینگی کے بارے عوامی شعور بیدار کرنے کے لئے جاری سرگرمیوں بارے بریفنگ دی۔

سیکرٹری صحت نے ڈی سی او شیخوپورہ کو ہدایت کی کہ رانا ٹاؤن اور امامیہ کالونی میں ڈینگی کے حوالے سے مکمل صفائی (Clean Sweep) کرائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ محکمے تمام اضلاع میں ڈینگی کے حوالے سے ریڈ یونین کو نسلوں میں کلین سویپ کرائیں تاکہ لاروے کی افزائش کا خاتمہ کیا جا سکے۔اجلاس میں ڈینگی سرویلنس کے علاوہ سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ ڈینگی کے مریضوں کے علاج کے لئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ اجلاس میں ہاؤسنگ،ٹرانسپورٹ،کوآپریٹو،لیبر ،سوشل ویلفیئر،زکوۃ وعشر، اطلاعات،سپورٹس پاکستان ریلوے،اوقاف،آبپاشی،زراعت،پی آئی ٹی بی،ماحولیات،محکمہ موسمیات ،جنگلات و ماہی پروری سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے کارکردگی رپورٹ پیش کی۔

سیکرٹری صحت نے بیدیاں روڈ سے گزرنے والی چیرڑ ڈرین کی صفائی کے لئے محکمہ آبپاشی،واسا،سالڈویسٹ مینجمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو ڈرین کی صفائی کے انتظامات کرے گی۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کے سلسلہ میں وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف تمام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بارشوں کے نتیجہ میں ڈینگی کی افزائش کے لئے موسم سازگار ہو گیا لہذا تمام محکموں کو آؤٹ ڈور اور انڈور سرویلنس کو بھرپور طریقہ سے جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی کے لئے بھی موثر مہم چلائی جائے کیونکہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے کمیونٹی کی بھرپور شرکت ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :