افغانستان کی جانب سے راکٹ حملے میں شہید 4جوانوں کی نماز جنازہ کورہیڈکوارٹرپشاور میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈرپشاورسمیت دیگر فوجی افسران کی شرکت ،شہیدا کی میتیں آبائی علاقوں کو بھیج دی گئیں،آئی ایس پی آر

اتوار 23 اگست 2015 23:51

پشاور/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔23اگست۔2015ء) خیبر ایجنسی میں افغانستان کی جانب سے راکٹ حملے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 4جوانوں کی نماز جنازہ کورہیڈکوارٹرپشاور میں ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں کور کمانڈرپشاورسمیت دیگر فوجی افسران نے شرکت کی،شہیدا کی میتیں آبائی علاقوں کو بھیج دی گئیں۔

(جاری ہے)

اتوار کوپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں افغانستان کی جانب سے فائر کئے جانے والے راکٹ کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے چار جوانوں کی نماز جنازہ کور ہیڈکوارٹر پشاور میں اداکی گئی ، نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء کی میتوں کو سلامی پیش کی گئی جس کے بعد شہید فوجی جوانوں کی میتیں آبائی علاقوں کو بھیج دی گئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر ایجنسی میں اخواندبالا چیک پوسٹ پر افغان سرحد پار سے راکٹ حملہ کیا گیا۔ شہداء میں سپاہی عمران خان، سپاہی مظفر شاہ، سپاہی محمد یٰسین اور سپاہی اعجاز الدین شامل ہیں۔