داؤد ابراہیم کراچی کے علاقے کلفٹن میں رہائش پذیر ہے،بھارتی میڈیا کا دعویٰ

اتوار 23 اگست 2015 16:46

داؤد ابراہیم کراچی کے علاقے کلفٹن میں رہائش پذیر ہے،بھارتی میڈیا کا ..

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 اگست۔2015ء ) بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ انڈر ورلڈ ڈان داؤد ابراہیم پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں موجود ہے۔بھارتی اخبارہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق انڈین سیکیورٹی ایجنسیز کا دعویٰ ہے کہ داؤد ابراہیم، ان کی اہلیہ ماہ جبیں، بیٹا معین نواز، بیٹیاں ماہ رخ، مہرین اور مازیہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں رہائش پذیر ہیں۔

رپورٹ میں بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات سے ثابت کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ داؤد ابراہیم کراچی میں خاندان کے ساتھ مقیم ہیں۔ہندوستان ٹائمز نے ایک ٹیلی فون بل بھی شائع کیا ہے جس میں کلفٹن بلاک – 4 کے ایک گھر کا پتہ درج ہے جہاں مبینہ طور پر داؤد ابراہیم مقیم ہے۔رپورٹ میں دعوی کیا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے پاس 3 پاکستانی پاسپورٹ ہیں، جن میں سے ایک پر ڈیفنس فیز – 5 اور دوسرے پر عبد اﷲ شاہ غازی کے مزار کے قریب موجود گھر کے پتے درج ہیں۔

(جاری ہے)

بھارت کی خفیہ ایجنسیوں کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ داؤد ابراہیم کے اہل خانہ کراچی سے دبئی کا سفر عمومی طور پر کرتے رہتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق خفیہ اداروں کے پاس داؤد ابراہیم کی تصاویر موجود ہیں، جن میں اس کے سر کے بال کم ہو چکے ہیں جبکہ انڈر ورلڈ ڈان اب کلین شیو بھی ہو چکا ہے۔حیرت انگیز طور پر اس رپورٹ میں داؤد ابراہیم کے مبینہ پاسپورٹ کی 1996 کی کاپی لگائی گئی، جبکہ ٹیلی فون کا بل صرف 2 ماہ پرانا ہے۔

یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ داؤد ابراہیم کے قریبی ساتھی جبار صادق، جاوید چھوٹانی اور ممبئی دھماکوں کا مرکزی ملزم جاوید پٹیل عرف چکنّا بھی پاکستان میں مقیم ہیں جبکہ ان کا اکثر دبئی آنا جانا ہوتا ہے۔داؤد ابراہیم کی پاکستان میں نقل و حرکت کے حوالے رپورٹ میں کسی بھی قسم کا تذکرہ نہیں کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :