نیسلے پاکستان کے زیر اہتمام پیارے پاکستان کی اختتامی تقریب کا انعقاد

اتوار 16 اگست 2015 23:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 اگست۔2015ء) نیسلے پاکستان کی مہم پیارے پاکستان کی اختتامی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس کی میزبانی کے فرائض نور الحسن نے ادا کیے، جبکہ مقررین میں سلیمہ ہاشمی ،ڈاکٹر سیدہ عارفہ زہرا، رضا کاظم اور انتظار حسین شامل تھے۔ تقریب کی خاص بات 68ویں یوم آزادی کی مناسبت سے 68تصاویر کی نمائش تھی جوکہ ہزاروں تصاویر میں سے منتخب کی گئیں تھیں۔

پیارے پاکستان مہم کا آغاز رواں سال جون میں ہواجس میں عام لوگوں کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ان کے پاکستان سے محبت کے اظہار کو پیش کرنے کی درخواست کی گئی۔ اس سلسلے میں لوگوں کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں انٹریز موصول ہوئیں جس میں سے 68 منتخبتصاویر کو تقریب میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ان تصاویرکا مقصد پاکستان کے روشن اور مثبت پہلو کو دنیا کو دکھانا تھا۔

محترمہ سلیمہ ہاشمی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی جبکہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ نے پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے اور اردو زبان کو اپنانے پر زور دیا ۔ جناب رضاکاظم نے معاشرے میں مثبت رحجانات کے فروغ کے لیے معاشرے کے کردار پر گفتگو کی۔ معروف ادیب و دانشور جناب انتظار حسین نے قائد اعظم کے افکار اور ان کے نظرئیے کی بنیاد پر بنے پاکستان اور ہمارے کردار پر روشنی ڈالی ۔اس موقع پر لوک موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے پاکستان کی ثقافت کی جھلک آتی تھی۔ تقریب میں سیاسی، کاروباری ،تعلیم ، فنون لطیفہ اور مختلف مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور پیارے پاکستان کے مرکزی خیال کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :