گلگت میں بھی خواتین کے ساتھ زیادتی کا سکینڈل بے نقاب ، 30سے زائد ویڈیوز منظر عام پر آ گئیں

جمعرات 13 اگست 2015 14:42

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 اگست۔2015ء) قصور اسکینڈل کے بعد گلگت میں بھی خواتین کو اغواء کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے کی 30سے زائد ویڈیوز منظر عام پر آنے کا انکشاف ، ایک متاثرہ خاتون نے تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کرادیا ۔ دو ملزمان گرفتار ایک فرار ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز گلگت میں خواتین کے ساتھ زیادتی کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا متاثرہ خاتون نے گلگت میں تھانہ کینٹ میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرادیا ہے ۔

خاتون نے مقدمے میں تین افراد کو نامزد کیا جبکہ ملزمان میں عدنان ، سلمان ، ذوالفقار شامل ہیں ملزمان کا تعلق گلگت کے نواحی علاقے نومل سے ہے جبکہ خاتون کا تعلق گلگت سٹی سے ہے اور اس کا والد کاروباری شخصیت ہے مقدمے کے اندراج کے بعد مقامی پولیس نے ملزمان کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے دو ملزمان سلمان اور ذوالفقار کو گرفتار کرلیا جبکہ ملزم عدنان فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا پولیس کے مطابق دوران تفتیش ملزمان سلمان اور ذوالفقار نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گروہ خواتین کو اغواء کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بناتا تھا اور زیادتی کے بعد سنسان جگہ پر خواتین کو چھوڑ دیتا تھا انہوں نے اس حوالے سے تیس سے زائد خواتین کو زیادتی کا نشانہ بنایا جبکہ زیادتی کے دوران خواتین کی ویڈیوز بھی بنائی جاتی تھی اور بعد میں ان خواتین کو بلیک میل کرکے ان سے رقم کا مطالبہ کرتے تھے جبکہ معاشرے میں بے عزتی کے خوف سے خواتین ان کو رقم دینے پر آمادہ ہوجاتی تھی متاثرہ خاتون کا کہنا تھا کہ ملزمان بااثر گھرانو ں سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ پولیس ملزمان کو بچانے کی کوشش کررہی ہے اور ان پر مختلف انداز میں دباؤ ڈال رہی ہے ۔

(جاری ہے)

خاتون نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کیخلاف انسداد دہشتگردی کی عدالت میں مقدمہ چلایا جائے اور ان کیخلاف بننے والے تمام مقدمات کو سول سے فوجی عدالتوں میں منتقل کیا جائے اور تمام ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کوئی بچوں اور خواتین کو اپنی ہوس کا نشانہ نہ بنا سکے ایک سینئر پولیس آفیسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ متاثرہ خاتون نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ واقع کی تفصیلات اکٹھی کی جارہی ہیں اور جلد ایک تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی جائے گی اور متاثرہ خواتین کو جلد انصاف مہیا کیا جائے گا ۔