قصور زیادتی کیس کے ملزموں کیخلاف شکنجہ سخت، عبوری ضمانت مسترد ہونے پر 5 ملزم گرفتار

پیر 10 اگست 2015 17:46

قصور زیادتی کیس کے ملزموں کیخلاف شکنجہ سخت، عبوری ضمانت مسترد ہونے ..

لاہور (دنیا نیوز) قصور سکینڈل کے گھناؤنے کردار قانون کی گرفت میں آنے لگے۔ مقدمات میں نامزد پندرہ میں سے چودہ ملزم سلاخوں کے پیچھے پہنچ گئے۔ ایک ملزم ضمانت پر ہے جبکہ محکمہ داخلہ پنجاب نے جوڈیشل انکوائری کے لئے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں بچوں کے ساتھ زیادتی کے سکینڈل میں نامزد پانچ افراد کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ہے۔

(جاری ہے)

نامزد ملزم اور لاہور ہائیکورٹ میں سینیئر کلرک تنزیل الرحمان کو معطل کر دیا گیا جبکہ قصور پولیس نے مزید دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے جس کے بعد 15 نامزد ملزموں میں سے 14 گرفتار ہو چکے ہیں تاہم ایک ملزم ضمانت پر ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر محکمہ داخلہ نے جوڈیشل انکوائری کے لئے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا ہے جس میں سفارش کی گئی ہے کہ قصور سکینڈل کی ازسرنو تحقیقات کی جائے اور انکوائری کے لئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قصور کو نامزد کیا جائے۔ محکمہ داخلہ نے یہ بھی سفارش کی ہے کہ انکوائری کمیشن واقعے کے اصل حقائق منظر عام پر لائے اور ذمہ داروں کا تعین کرے۔