خدمت کارڈز کے اجراء کے فلاحی پروگرام پر پالیسی کے تحت عملدرآمد یقینی بنایا جائے، کیپٹن (ر) نسیم نواز

مستحق معذور افراد کو مالی امداد کی فراہمی کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں ،ڈویژنل کمشنر کی ہدایت

ہفتہ 8 اگست 2015 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اگست۔2015ء) ڈویژنل کمشنر کیپٹن(ر) نسیم نواز نے ہدایت کی ہے کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں مستحق معذور افراد کیلئے حکومت پنجاب کے خدمت کارڈز کے اجراء کے فلاحی پروگرام پر پالیسی کے تحت عملدرآمد کویقینی بنایا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کے دوران جاری کی جس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے زیرا ہتمام خدمت کارڈ کے اجراء کے پروگرام پر عملدرآمد کاجائزہ لیا گیا ۔

اس موقع پر ڈی سی اونورالامین مینگل،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر کنور اعجاز خالق،اسسٹنٹ کمشنر مہر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر افسران موجود تھے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مستحق معذور افراد کو مالی امداد کی فراہمی کے لئے مربوط حکمت عملی اختیار کریں اس ضمن میں محکمہ صحت اور سماجی بہبود اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معذورافراد کی اہلیت اور استحقاق کا تعین کرنے کے لئے ڈس ایبل اسیسمنٹ بورڈ کا دائرہ تحصیل کی سطح پر وسیع کیا جائے اور ڈویژن بھر میں قائم رجسٹریشن سنٹرز کے بارے میں آگاہی کے لئے موثر انتظامات کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اورنادار سے موصول ہونے والی معذور افرادکی فہرستوں کی بہتر انداز میں جانچ پڑتال کریں جبکہ نئی رجسٹریشن کے لئے بھی منظم طریقہ کار اختیار کیا جائے۔اس موقع پر بتایا کہ مستحق معذور افراد کو ایک ہزارروپے ماہوار کے حساب سے ہر تین ماہ بعد تین ہزار کی مالی امداد فراہم کی جائے گی جس میں نابالغ معذوروں کووالدہ کے نام پر مالی امداد جاری کی جائے گی اوریہ امداداے ٹی ایم کے ذریعے حاصل ہوگی جس کے لئے غیر روایتی اکاؤنٹس کھولے جائیں گے اور ہر اہل معذور افراد کو موبائل سم بھی جاری ہوگی جس پر پیغامات ارسال کئے جائیں گے۔