Live Updates

الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرار داد کے جواب میں ایم کیو ایم کی آصف زرداری اور عمران خان کے خلاف سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرادی

آصف زرداری نے قومی سلامتی کے اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کر کے قومی اداروں کی تضحیک کی ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے ، عمران خان نے بھی تضحیک کی ، قراردادکا متن

جمعہ 7 اگست 2015 21:27

الطاف حسین کے خلاف مذمتی قرار داد کے جواب میں ایم کیو ایم کی آصف زرداری ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07اگست۔2015ء) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف سندھ اسمبلی میں مذمتی قرار داد کے جواب میں ایم کیو ایم نے بھی پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قرار داد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو ایم کیو ایم کے رہنما سید سردار احمد نے جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اورپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف قرارداد سندھ اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی ہے۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کے اداروں کی اینٹ سے اینٹ بجانے کی بات کر کے قومی اداروں کی تضحیک کی تھی لہذا ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

آصف زرداری نے ماضی میں متعد د بار پاکستان آرمی کے خلاف اپنے بیانات میں ہرزہ سرائی کی ہے۔ یہ سب ایم کیو ایم کے قائد کے بیان سے قبل ہوا لیکن نہ تو قومی اسمبلی میں اور نہ ہی صوبائی اسمبلی میں کوئی قرارداد لائی گئی ۔

عمران خان اور آصف زرداری کے بیانات آن ریکارڈ ہیں لیکن ایم کیو ایم کے قائد کے ساتھ تعصب کا رویہ رکھا گیا اور الطاف حسین کے خلاف قرارداد لائی گئی۔ ایم کیو ایم کے ارکان نے قرار داد کے ساتھ اخباری تراشے اور دیگر مواد بھی سندھ اسمبلی میں جمع کرایا۔ قرارداد میں عمران خان کے فوج کے خلاف بھی بیانات جمع کرائے گئے ہیں۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرے ہوئے ایم کیو ایم کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔

پیپلزپارٹی کو پیر کے روز اسمبلی کے فلور پر جواب دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایجنڈے کا آخری آئیٹم باقی تھا اور فنکشنل لیگ کو موقع دے دیا گیا،اسپیکر صاحب نے ہمیں نہیں سنا بلکہ ہمیں قرارداد کی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔ یکطرفہ فیصلہ کرکے اجلاس کو ملتوی کردیا گیا ہے ،جو سراسر ناانصافی ہے ۔ہم اس ناانصافی کے خلاف احتجاج کریں گے ۔ ایم کیو ایم رہنما محمد حسین نے کہاکہ تعصب پر مبنی سیاست کی جارہی ہے،الطاف حسین کے خلاف پورے ملک میں نفرتیں پھیلائی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں آج سے پہلے سیاسی قائدین کے خلاف قراردادیں نہیں آتی تھیں۔تمام پارٹیوں نے طے کیاتھا کہ کسی کے خلاف کوئی بیان یاقرارداد نہیں لائی جائے گی،لیکن اب ایم کیو ایم بھی بھرپور قراردادیں لائے گی۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات